پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی دنیائے کرکٹ میں تفریح کی فراہمی اور ٹیم کو متحد رکھنے کا بہترین ذریعہ سمجھے جاتے ہیں جبکہ ان کی اسی خصوصیت کی وجہ سے ویسٹ انڈین ٹیم دو مرتبہ ورلڈ ٹی20 کی چیمپیئن بننے میں کامیاب رہی اور اب پشاور زلمی کی ٹیم بھی پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔

حال ہی میں سیمی کی ٹیم کے مینٹور اور پاکستان کے عظیم بلے باز یونس خان کے ساتھ ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے حیران کن اعلان کردیا۔

پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم فائنل جیتی تو پوری ٹیم اپنے سر منڈوائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’حتیٰ کہ باس بھی ایسا ہی کریں گے لیکن جاوید آفریدی نے ان سے ایسا نہ کرنے کی التجا کی۔

ادھر ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کوئی کرکٹ برانڈ نہیں بلکہ ایک فیملی ہے جس میں تمام لوگ ایک دوسرے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے دن سے یقین ہے کہ یہ کوئی کرکٹ برانڈ نہیں بلکہ ایک فیملی ہے جس میں ہر کھلاڑی باصلاحیت ہے، ہم فیلڈ سے باہر جو بھی کام کرتے ہیں وہ ہمیں متحد رکھتے ہیں اور ہمیں فائنل میں فتح کیلئے خود پر کامل یقین ہے۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے انڈین پریمیئر لیگ کے تمام مالکان کو ایونٹ کا فائنل لاہور میں دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ذاتی طور پر آئی پی ایل کی تمام ٹیموں کے مالکان کو لاہور آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں