پشاور: افغانستان کے ساتھ پاکستان کے سرحدی علاقے میں بارڈر پار سے 4 میزائل فائر کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں افغانستان سے میزائل داغے گئے۔

پاک افغان سرحد کے قریب سرحد پارسے 4 میزائل فائر ہوئے ، جن میں دو مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

کرم ایجنسی کے پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فائر کیے گئے 2 میزائل شنگک کے علاقے جبکہ 2 میزائل کچکینہ میں گرے۔

پولیٹیکل انتظامیہ نے مزید بتایا کہ شنگک میں گرنے والے 2 میزائل میں سے ایک سے دکان نشانہ بنی، جو مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

انتظامیہ کے مطابق کچکینہ کے علاقے خرپلان میں میزائل قبرستان اور مسجد کے قریب گرے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی انتظامیہ کے ترجمان کا کہناتھا کہ میزائل افغانستان کے صوبے پکتیا سے فائر کیے گئے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سرحد بار سے میزائل فائر کیے گئے ہوں، اس سے قبل بھی متعدد بار ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں بم دھماکا

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکے سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق شوال کے علاقہ کنڈ غر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کے ذریعے دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے، جن کو کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں