ہندوستان چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت پر رضامند

اپ ڈیٹ 31 مئ 2017
ہندوستان نے 2013 میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا— فائل فوٹو: اے پی
ہندوستان نے 2013 میں منعقدہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا— فائل فوٹو: اے پی

بگ تھری کے خاتمے اور نئے مالیاتی نظام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ناراض ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے خصوصی جنرل میٹنگ میں چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاسوں میں اپنی من مانیوں کیلئے مشہور ہندوستانی کرکٹ بورڈ کو کونسل کے نئے مالیاتی نظام پر ایک مقابلے میں 13 ووٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا جہاں 2015 سے 2023 تک آئی سی سی کے مالیاتی نظام پر ازسر نو غور کر کے اس میں تبدیلی کی گئی۔

اس نئے مالیاتی نظام کے تحت ہندوستان کو کم و بیش 200 سے 250 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا جہاں اسے 293ملین ڈالرز کی پیشکش کی گئی لیکن دوسری جانب بورڈ 2014 کے ماڈل کے تحت 570 ملین ڈالرز دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

اس معاملے کے بعد ہندوستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کی دھمکی دی اور اسکواڈ کے اعلان کی آخری تاریخ 25 اپریل گزر جانے کے باوجود اپنے اسکواڈ کا تاحال اعلان نہیں کیا۔

اس صورتحال میں ہندوستان کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا اعلان کیے جانے کا امکان تھا تاہم سابق کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈراوڈ سمیت دیگر عظیم کھلاڑیوں کی جانب سے بھارت کو ایسا نہ کرنے کیلئے خبردار کیا گیا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بورڈ نے متفقہ طور پر اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا اور ایونٹ کیلئے سلیکشن کمیٹی اسکواڈ کا اعلان کل کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی کے اعزازی سیکریٹری کو آئی سی سی سے مذاکرات کا اختیار دیا گیا ہے اور کوئی حل نہ نکلنے کی صورت میں ہمارے پاس قانونی راستہ اختیار کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی ہندوستان کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں