بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے خنجر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

گاڑی میں فلپائنی میجر ایمانول اور کروشیا کے میجر مِرکو سوار تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں افسران لائن آف کنٹرول کے دورے پر تھے اور انہوں نے اپنی گاڑی پر نیلا جھنڈا بھی لہرایا ہوا تھا، تاہم نیلے جھنڈے کے باوجود بھارتی فورسز نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے جاسوسی کے الزام میں 12 سالہ بچے کو پکڑ لیا

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے مبصرین بھارتی فوج کی فائرنگ سے محفوظ رہے اور بحفاظت اپنے دفتر پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انھیں ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران مبصرین کو بتایا گیا کہ بھارت نے 10، 13 اور 16 مئی کو ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا جبکہ دیگر 15 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ 'مبصرین کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے سبزکوٹ، باروہ، ٹنڈر اور کریلہ سیکٹرز پر پاکستانی دیہی علاقوں کو مختلف بور کی چھوٹی اور بڑی بندوقوں اور 122 ملی میٹر کے مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں