راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوگئے۔

بھارتی فوج نے ہفتے کی صبح 7 بجے خوئی رٹہ، چرہوئی، سماہانی، سبزکوٹ، چاہی اور ٹنڈر سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا جو وقفے وقفے سے گھنٹوں تک جاری رہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد حاجی محمد یونس، ریحانہ بی بی اور سمینہ بیگم کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

مزید پڑھیں: بھارت: کشمیر میں اغوا کے بعد فوجی اہلکار قتل

تاہم آزاد کشمیر حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 خواتین اور ایک بچے سمیت 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 5 افراد ضلع کوٹلی کے خوئی رٹہ اور چرہوئی سیکٹر میں زخمی ہوئے جبکہ 8 افراد بھمبر میں سماہانی سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔

ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شیلنگ صبح 7 بجے شروع کی گئی جس میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا اور یہ شیلنگ شدید تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے جاسوسی کے الزام میں 12 سالہ بچے کو پکڑ لیا

ایس ایس پی کوٹلی کے مطابق محمد یونس، ریحانہ اور سمینہ خوئی رٹہ سیکٹر میں زخمی ہوئیں جبکہ افراز بیگم اور مسرت بی بی چروہی سیکٹر کے سبز کوٹ گاؤں میں زخمی ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ کتھیالہ گاؤں میں انیلا بی بی، چاہی گاؤں میں محمد شریف، ٹنڈر گاؤں میں نثار احمد، دانا گاؤں میں لبنیٰ محفوظ اور ان کا دو سالہ بیٹا عبدالمُعیز اور بروہ گاؤں میں زمُرد بیگم، شازیہ پروین اور محمد انضمام بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ان زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت نازک ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی پر نکیال سیکٹر کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہیں آپریشنل تیاریوں اور جنگ بندی کی بھارتی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دینے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں جاری ہونے والے آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز بلااشتعال فائرنگ سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، کسی بھی قسم کی مہم جوئی بھارت کیلئے ناقابل تلافی نقصان کا موجب بن سکتی ہے اور بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پر دو بھارتی فوجیوں کو قتل کر کے ان کی لاش کو مسخ کردی ہے جس کے بعد ایل او سی پر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔

تاہم پاکستانی حکام نے اس واقع میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔


تبصرے (0) بند ہیں