گوگل نے ونڈوز کمپیوٹر اور میک آپریٹنگ سسٹم کے لیے اپنی بیک اپ اینڈ سائنک ایپ کو متعارف کرادیا ہے۔

یہ ایپ گوگل کی پرانی فوٹوز ڈیسک ٹاپ ایپ اور ڈرائیو کلائنٹ اپلیکشنز کی جگہ لے گی اور آپ کے کمپیوٹر کا پورا ڈیٹا گوگل ڈرائیو میں محفوظ کردے گی۔

ویسے تو اس ایپ کو 28 جون کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اسے صارفین تک پیش کرنے میں چند ہفتے کی تاخیر کی گئی تاکہ کچھ تبدیلیاں کی جاسکیں۔

مزید پڑھیں : گوگل سرچ کے بارے میں آپ یہ جانتے ہیں؟

اس ایپ کے ذریعے آپ اپنے کمپیوٹر سے تمام تصاویر، وڈیوز اور دستاویزات گوگل کی کلاﺅد سروس پر محفوظ کرسکتے ہیں تاکہ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ خراب ہونے پر بھی ڈیٹا تک رسائی حاصل رہے۔

یہ سروس اسمارٹ فون، ایس ڈی کارڈز، ڈیجیٹل کیمرہ اور دیگر کے لیے بھی بیک اپ کا کام کرسکتی ہے اور صاقرفین کی مرضی ہوگی کہ وہ اوریجنل ریزولوشن یا ہائی کوالٹی تصاویر کو اپ لوڈ کریں۔

گوگل کے مطابق ' آپ ممکنہ طور پر اپنی اہم ترین فائلز اور تصاویر کو مختلف جگہوں جیسے کمپیوٹر، فون، متعدد ایس ڈی کارڈز اور یو ایس بی وغیرہ میں رکھتے ہوں گے، مگر ان کا تحفظ ایک چیلنج سے کم نہیں، تو اس کے لیے ہم بیک اپ اینڈ سائنک کو متعارف کرارہے ہیں۔ یہ ایک سادہ، تیز رفتار اور قابل انحصار ذریعہ ہے جہاں اہم فائلز کو محفوظ کیا جاسکتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل کی 12 حیرت انگیز مگر گمنام پراڈکٹس

فی الحال اس سروس میں 15 جی بی تک ڈیٹا مفت محفوظ کیا جاسکتا ہے اور اگر زیادہ جگہ کی ضرورت ہو تو اس کے لیے کچھ ڈالرز کا خرچہ کرنا پڑے گا۔

آپ اس نئی سروس کو اس لنک پر جاکر دریافت کرسکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں