پروجیکٹ غازی کو ریلیز نہ کرنے پر ہمایوں سعید کا انکشاف

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2017
پروجیکٹ غازی میں ہمایوں سعید اہم کردار ادا کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ
پروجیکٹ غازی میں ہمایوں سعید اہم کردار ادا کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ

پاکستان کی پہلی سپر ہیرو فلم ’پروجیکٹ غازی‘ کو پریمیئر کے باوجود ریلیز نہیں کیا گیا۔

فلم کی ٹیم نے تکنیکی خرابی کو وجوہ بناتے ہوئے فیس بک پر اعلان کیا کہ ’ پروجیکٹ غازی‘ میں بہتری لانے کے بعد جلد اس کی ریلیز کا اعلان کردیا جائے گا۔

پروجیکٹ غازی کا فلمی شائقین کو بے حد انتظار تھا، مگر تکنیکی خرابیوں اور دیگر مسائل کی وجہ سے اس کی نمائش میں تاخیر سے کئی مداح مایوس دکھائی دیے۔

فلم کا پریمیئر ہونے کے باوجود ریلیز نہ کیے جانے والے معاملے کے بعد ڈان امیجز نے پروجیکٹ غازی کے اداکار ہمایوں سعید سے اس کا سبب پوچھا، جس پر انہوں نے اہم انکشاف کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پروجیکٹ غازی‘ پریمیئر کے بعد ریلیز ملتوی

ہمایوں سعید نے نہ صرف فلم کو ریلیز نہ کیے جانے کی تصدیق کی، بلکہ انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم میں ان کا کردار بھی مختصر کیا گیا۔

اداکار نے وضاحت کی کہ ’گزشتہ رات جب انہوں نے فلم دیکھی تو وہ نامکمل تھی، جب کہ فلم کی ساؤنڈ کوالٹی میں تکنیکی مسائل تھے۔

ہمایوں سعید نے کہا کہ وہ عام طور پر اپنی فلموں کے کام کی نگرانی خود کرتے ہیں، اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ فلم کے ریلیز ہونے سے قبل تمام مسائل کو حل کیا جائے۔

اداکار کے مطابق فلم پروڈیوسر نئے تھے، جب کہ پروڈکشن ٹیم پر فلم کو جولائی کے وسط تک نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا دباؤ تھا، اور تو اور فلم کو ریلیز کیے جانے سے قبل اس کی ٹھیک طرح سے پذیرائی بھی نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں: ’پروجیکٹ غازی‘ کا نیا ٹریلر جاری

ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ ’جب وہ خود ہی فلم کو 20 منٹ سے زائد وقت تک دیکھ نہ پائے، تو دیگر مداح اسے کیسے دیکھ پاتے؟۔

اداکار نے پروڈیوسر اور فلم ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو فلم کے بارے میں ٹھیک طرح سے بتائے بغیر اس کی ریلیزنگ کی جا رہی تھی۔

ہمایوں سعید نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے ہی فلم کو ریلیز نہ کیے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ ہم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ساتھ پروجیکٹ غازی کے حوالے سے مالی معاونت سے متعلق معاہدات کر رکھے ہیں۔

اداکار کے مطابق پروجیکٹ غازی کو ریلیز کیے جانے میں ایک یا 2 ماہ لگ سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں