انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میں شکست

20 اگست 2017
جیمزاینڈرسن نے دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
جیمزاینڈرسن نے دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کو سیریز کے پہلے اورڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز ایک اننگز اور 209 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو ویسٹ انڈیز کا اسکور دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر44 رنز تھا جب کیرن پاؤل 18 اور ہوپ 25 رنز پر کھیل رہے تھے۔

انگلینڈ کے باؤلرز نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 168 رنز پر فالوآن کرنے کےبعد دوسری اننگز میں بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

کریگ بریتھویٹ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، چیز24، ہوپ 12، پہلی اننگز میں 79 رنز بنانے والے بلیک ووڈ 12 اور روچ نے بھی 12 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:ایجبسٹن ٹیسٹ:انگلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف پوزیشن مستحکم

ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ بھی ایک اننگز اور 209 رنز سے ہار گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 3، جیمز اینڈرسن، رولینڈ جونز اور معین علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کے پہلی اننگز میں 514 رنز کے جواب میں 168 رنز پر آؤٹ ہوکر فالوآن کا شکار ہوئی تھی۔

پہلی اننگز میں 243 رنز بنانے والے الیسٹرکک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔

انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ ہی 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 25 اگست کو لیڈز میں شروع ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں