’چھپ کر سگریٹ پینے پر والد سے جوتے پڑے‘

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2017
فلم ’بھومی‘ 22 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —۔ پبلسٹی فوٹو
فلم ’بھومی‘ 22 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی —۔ پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ اداکار سنجے دت طویل عرصے سے بڑی اسکرین سے غائب ہیں تاہم اب وہ فلم 'بھومی' کے ساتھ فلمی دنیا میں واپسی اختیار کرنے جارہے ہیں۔

اس فلم میں ادیتی راؤ حیدری سنجے دت کی بیٹی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

سنجے دت اس فلم کی تشہیر زور و شور سے کررہے ہیں اور اسی حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فلم 'بھومی' والدین اور اولاد کے آپس میں رشتے کی کہانی ہے۔

مزید پڑھیں: بھومی کا ٹیزر ہولی وڈ پوسٹرز کا مکسچر نکلا

اداکار نے بتایا کہ ہندوستانی فلم انڈسٹری میں ایسی ہی فلمیں بنائی جاتی رہی ہیں جو ان کی ثقافت کو بیان کریں جن کی مثال ’باہو بلی‘ اور ’دنگل‘ جیسی فلمیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کے دوست ہوتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں کہ وہ ان کے ساتھ بیٹھ کر سگریٹ یا شراب پئیں۔

سنجے نے ایک قصہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب میں نے پہلی بار چھپ کر باتھ روم میں سگریٹ پی تھی تو اچانک میرے والد سنیل دت آ گئے تھے اور مجھے اس حرکت پر ان سے جوتے پڑے تھے‘۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت کو بھومی سے زیادہ منا بھائی کی پریشانی

خیال رہے کہ فلم ’بھومی‘ کی ہدایات اومنگ کمار دے رہے ہیں، اس فلم کے ٹریلر کو شائقین نے کافی پسند کیا تھا اور فلم کے ہِٹ ہونے کی بھی امید کی جارہی ہے۔

فلم ’بھومی‘ رواں ماہ 22 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

باپ اور بیٹی کے ارد گرد گھومنے والی اس فلم کی کہانی سندیپ سنگھ نے تحریر کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں