ویسے تو بولی وڈ بابا سنجے دت ان دنوں اپنی آنے والی فلم بھومی کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم ان کے مطابق وہ بھومی سے زیادہ منا بھائی 3 کے لیے پریشان ہیں۔

بھومی کے ٹریلر جاری کرنے کے موقع پر 58 سالہ اداکار نے بتایا کہ منا بھائی سیریز کے ڈائریکٹر اور لکھاری سیریز کی تیسری فلم کی کہانی لکھنے میں مصروف ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادرے انڈو ایشین نیوز سروس (آئی اے این ایس) کے مطابق سنجے دت کا کہنا تھا کہ انہیں منا بھائی 3 کی بہت پریشانی ہے، کیوں کہ وہ فلم ان کے لیے بھومی سے زیادہ اہم ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

یہ بھی پڑھیں: منا بھائی سیریز، بہترین سیکوئل فلمیں

اداکار کے مطابق بھومی کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد منا بھائی 3 کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی، تاہم اس کے لیے تاریخ نہیں دی جاسکتی۔

سنجو بابا کے مطابق ہدایت کار راجو ہیرانی اور لکھاری ابھیجیت جوشی منا بھائی 3 کی کہانی لکھنے میں مصروف ہیں، جب کہ فلم کی پوری ٹیم شوٹنگ کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔

سنجے دت نے یہ نہیں بتایا کہ منا بھائی 3 کی دیگر کاسٹ میں کون کون شامل ہوں گے، تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کہ فلم کی ہدایات اور پروڈکشن وہ ہی کریں گے، جنہوں نے پہلی 2 فلموں کی کی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مزید پڑھیں: بومن ایرانی کی راج کمار ہیرانی کو 'دھمکی'

خیال رہے کہ سیریز کی پہلی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس 2003 میں آئی تھی، جس میں سنجے دت کے ساتھ ارشد وارثی، گریسی سنگھ اور بومن ایرانی نے کام کیا تھا، فلم کو شائقین نے بہت پسند کیا تھا، سپر ہٹ ہونے پر فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

سیریز کی دوسری فلم لگے رہو منا بھائی 2006 میں ریلیز کی گئی تھی، اس فلم میں بھی ان کے ساتھ ارشد وارثی تھے، فلم کی دوسری کاسٹ میں ودیا بالن، بومن ایرانی اور دیا مرزا شامل تھیں۔

سیریز کی پہلی دونوں فلموں میں سنجے دت، ارشد وارثی اور بومن ایرانی سمیت جمی شیرگل اداکاری کرتے نظر آئے تھے، تاہم تیسری فلم کی کاسٹ سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ تیسری فلم میں بھی ارشد وارثی اور بومن ایرانی جیسے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں