آسکر ایوارڈ کے لیے اسرائیل،روسی اور ہانگ کانگ کی فلمیں نامزد

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2017
تمام فلموں کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا—اسکرین شاٹ
تمام فلموں کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا—اسکرین شاٹ

فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ میلہ آسکر یوں تو آئندہ برس مارچ میں ہوگا، تاہم اس کے لیے مختلف ممالک کی جانب سے مختلف کیٹیگریز کے لیے ابھی سے ہی فلموں کا انتخاب کردیا گیا۔

آسکر ایوارڈز میں غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں پاکستان کی جانب سے ’ساون‘ اور بھارت کی جانب ’نیو ٹن‘ جب کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی فلم ساز کی اردو فلم ’مائی پیور لینڈ‘ کا انتخاب کیا گیا۔

اسی کیٹیگری کے لیے روس، فرانس، ہانگ کانگ، اسرائیل، سلواکیہ، تائیوان، ڈینمارک، کرغزستان، برازیل اور سلوانیہ کی جانب سے بھی فلموں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔

اسرائیلی فلم ’فاکس ٹروٹ‘

حال ہی میں وینس فلم فیسٹیول میں ’گرانڈ جیوری پرائز‘ حاصل کرنے والی اسرائیلی ڈرامہ فلم ’فاکس ٹروٹ‘ کو تل ابیب کی جانب سے آسکر کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی تل ابیب کے ایک خاندان کے نوجوان بیٹے کی موت اور اسرائیل ڈفینس فورس (آئی ڈی ایف) میں خدمات سر انجام دینے کے شدید خطرات کے ارد گرد گھومتی ہے۔

فلم اسرائیل میں بھی متعدد ایوارڈ حاصل کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آسکر ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے فلم 'ساون' کا انتخاب

روسی فلم ‘لو لیس‘

فلم ’لو لیس‘ کو رواں برس مئی میں کانز فلمی میلے میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اس نے ’جیوری پرائز‘ جیتا تھا۔

فلم کی کہانی ماسکو کے ایک متوسط طبقے کے خاندان کے مسائل کے ارد گرد گھومتی ہے۔

فلم میں دکھایا جانے والا خاندان تین افراد پر مشتمل ہوتا ہے، والدین کے درمیان علیحدگی ہونے کے بعد ان کا 12 سالہ بچہ گم ہوجاتا ہے۔

فرانسیسی فلم ’120 بیٹس پر منٹ‘

روبن کمپیلو کی ڈرامہ فلم ’120 بیٹس پر منٹ‘ کو بھی رواں برس مئی میں کانز فلمی میلے میں پیش کیا گیا تھا، جہاں اس نے ’گرانڈ پرائز ایوارڈ‘ حاصل کیا تھا۔

فلم نے فرانس کے بھی متعدد ایوارڈ جیتے ہیں، جب کہ فلم کی ٹیم اس سے قبل بھی دیگر فلموں پر آسکر اور بافٹا سمیت دیگر فلمی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

کمبوڈیہ کی فلم ’ فرسٹ دی کلڈ مائی فادر‘

کمبوڈیہ نے امریکی ہدایت کارہ و سپر اسٹار انجلینا جولی کی فلم ’فرسٹ دی کلڈ مائی فادر‘ کو غیر ملکی زبان کی کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

مزید پڑھیں: آسکرمیں نامزدگی کے لیے بولی وڈ فلم ’نیو ٹن‘ کا انتخاب

فلم کی کہانی کمبوڈیہ کے مہاجرین بچوں اور مہاجرین کے مسائل کے ارد گرد گھومتی ہے، فلم کی کہانی کمبوڈیہ میں خانہ جنگی کے واقعات پر لکھے گئے ایک سچے ناول سے لی گئی ہے۔

ہانگ کانگ کی فلم ’میڈ ورلڈ‘

ڈائریکٹر وانگ چون کی فلم ’میڈ ورلڈ‘ ہانگ کانگ اور تائیوان سے فلمی ایوارڈ جیت چکی ہے۔

فلم کی کہانی دماغی مرض میں مبتلا ایک والد اور اس کے بیٹے کے ارد گرد گھومتی ہے، جو ہانگ کانگ میں کئی سماجی مسائل کا شکار بھی رہتے ہیں۔

سلوانیہ کی فلم ’مائنر‘

ڈائریکٹر ہانا انتونیا ووجک سلاک کی فلم ’مائنر‘ کو سلوانیہ اور کروشیا کی فلم ساز کمپنیوں نے پروڈیوس کیا ہے، فلم سلوانیہ میں پہلے ہی ایوارڈ جیت چکی ہے۔

فلم کی کہانی بوسنیا کی خانہ جنگی اور بوسنیائی لوگوں کی سلوانیہ مہاجرت جیسے سچے واقعات پر مبنی ہے۔

ان کے علاوہ درج ذیل فلموں کو بھی غیر ملکی زبان کی کیٹیگری کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔

برازیل کی فلم ’بنگو دی کنگز آف دی مارننگز‘

کرغزستان کی فلم ’سینچار‘

ڈینمارک کی فلم ’ یو ڈس اپیئر‘

تائیوان کی فلم ’اسمال ٹاک‘

سلواکیہ کی فلم ’دی لائن‘

آئس لینڈ کی فلم ’انڈر دی ٹری‘

تبصرے (0) بند ہیں