پاکستان کا ٹی20 سیریز میں بھی فاتحانہ آغاز

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2017
حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے پی
حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے— فوٹو: اے پی

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف شاندار کھیل کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے پہلے ٹی20 میچ میں مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں سات وکٹ سے شکست دے کر تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹںگ کی دعوت دی۔

عماد وسیم نے میچ کے پہلے ہی اوور میں دلشان مناویرا کو آؤٹ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔

دھنشکا گناتھیلالا اور سماراوکراما نے دوسری وکٹ کیلئے 28 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کیلئے سب سے بڑی شراکت قائم کی لیکن عثمان خان کی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گناتھیلاکا کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔

سری لنکن ٹیم کو آل آؤٹ کرنے کے بعد حسن علی اور عماد وسیم منفرد انداز میں ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی
سری لنکن ٹیم کو آل آؤٹ کرنے کے بعد حسن علی اور عماد وسیم منفرد انداز میں ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے پی

اس کے بعد کوئی بھی سری لنکن بلے باز پاکستانی باؤلز کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے ہوئے 19ویں اوور میں پوری ٹیم 102 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے سمارا وکراما 23 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ گناتھیلاکا 18، پرینجن 12 اور سکیگو پرسنا نے 23 رنز بنا کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

سری لنکن بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جبکہ عثمان شنواری اور محمد حفیظ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں توقعات کے برعکس قومی ٹیم مشکلات سے دوچار ہوئی اور 18 رنز پر فخر زمان اور بابر اعظم کی وکٹیں گنوا بیٹھی۔

شعیب ملک نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے احمد شہزاد کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 46 رنز جوڑے ہی تھے کہ 32 گیندوں پر 22 رنز بنانے والے احمد شہزاد بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستانی اوپنر فخر زمان کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
پاکستانی اوپنر فخر زمان کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

تین وکٹیں گرنے کے بعد حفیظ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور ٹیم کی سب سے تجربہ کار جوڑی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری دلا دی۔

شعیب ملک نے 42 اور حفیظ نے 25 رنز کی باری کھیلی جبکہ سری لنکا کی جانب سے وکم سنجایا دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ٹی20 سیریز سے قبل سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو 2-0 سے کلین سوئپ کیا لیکن ون ڈے سیریز میں پاکستان نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے 5-0 سے کلین سوئپ کیا۔

رواں ٹی20 سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا تیسرا اور آخری ٹی20 میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پہلا ٹی20 انٹرنیشنل میچ تھا۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، فہیم اشرف، عماد وسیم، حسن علی، عثمان شنواری اور شاداب خان۔

سری لنکن: تھسارا پریرا(کپتان)، دلشان مناویرا، دھنشکا گناتھیلاکا، سدیرا سمارا وکراما، مہیلا اڈاواٹے، اشان پرینجن، دسن شناکا، سچتھ پتھی رانا، سکیگو پرسنا، اسورو یوڈانا اور وکم سنجایا۔

تبصرے (0) بند ہیں