بدین: صوبہ سندھ کے جنوبی علاقے بدین میں ایک شخص نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنی اہلیہ کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔

مقتول شریف گھمبیر نے اپنی 38 سالہ اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

مقتولہ کے 8 بچے ہیں جن میں سے اس کی دو بیٹیاں قوتِ گوائی سے محروم ہیں۔

ملزم نے اپنی گرفتاری کے بعد اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنی اہلیہ کے کردار پر شک تھا۔

مزید پڑھیں: شکارپور: 6 بچوں کی ماں کا غیرت کے نام پر قتل

اس نے یہ الزام بھی لگایا کہ اس کی اہلیہ کے ایک شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے۔

سٹی پولیس اسٹیشن بدین کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد سلیم کھوسو نے ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے انڈس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ مقتولہ جان لیوا حملے کے بعد علاقے کی گلیوں میں بھاگتی رہی اور لوگوں سے جان بچانے کی اپیل کرتی رہی لیکن کسی نے اس کی مدد نہیں کی اور اس کے شوہر نے اسے پے در پے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کردیا۔

ملزم شوہر اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے تاہم واقعے سے متعلق اب تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ: ’غیرت‘ کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد قتل

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 28 فروری کو سندھ کے ضلع شکارپور میں 6 بچوں کی ماں کو شوہر نے غیرت کے نام پر مبینہ طور پر گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا۔

اس سے قبل غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ 25 فروری کو ضلع لاڑکانہ میں پیش آیا تھا جہاں خاتون اور ان کے مبینہ آشنا کو سوتیلے بیٹے نے ’غیرت کے نام‘ پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں