سندھ کے ضلع شکارپور میں 6 بچوں کی ماں کو شوہر نے غیرت کے نام پر مبینہ طور پر گولیوں کا نشانہ بنا کر قتل کردیا۔

گڑھی یاسین تحصیل میں واقع مارفانی گاؤں کے ایس ایچ او شہزادو دستی کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنی 36 سالہ بیگم کو اپنے پڑوسی کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے کے شک میں قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور لاش گڑھی یاسین تعلقہ ہسپتال منتقل کیا۔

مزید پڑھیں: لاڑکانہ: ’غیرت‘ کے نام پر خاتون سمیت 2 افراد قتل

ان کا کہنا تھا کہ لاش کو پاسٹ مارٹم کے بعد لاحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ دلاور مارفانی گاؤں میں واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ پولیس نے خاتون کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ سال غیرت کے نام پر قتل کے خلاف نئے قوانین متعارف کرائے جانے کے باوجود رشتے داروں کے ہاتھوں قتل کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹنڈو آدم: غیرت کے نام پر شوہر نے اپنی بیوی اور بہن کو قتل کردیا

اس نئے قانون کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کیے جانے پر عمر قید کی سزا ہے تاہم قتل کو غیرت کے نام پر کیے جانے کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہوگا۔

قائد اعظم یونیورسٹی میں جینڈر اسٹڈیز ڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فرزانہ باری کے مطابق اس نئے قانون میں ملزم اپنی نیت کچھ اور ظاہر کرکے معافی حاصل کرسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں