برطانوی شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی یقینا نہ صرف برطانیہ و امریکا بلکہ دنیا بھر کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اگرچہ شادی میں ابھی ڈیڑھ ماہ سے زائد کا وقت پڑا ہے، تاہم ابھی ہے ہی مہمانوں کو دعوت نامے بھجوادیے گئے۔

حیران کن طورپر شاہی شادی کے لیے مہمانوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے کم کر کے 600 تک محدود کردی گئی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے اپنی خبر میں کینزنگٹن پیلس کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ شاہی شادی میں شرکت کے لیے 600 مہمانوں کو سنہری مہر سے سجے امریکن سیاہ سیاہی سے لکھے گئے دعوت نامے بھجوادیے گئے۔

شاہی محل کی جانب سے مہمانوں کے ناموں کی فہرست جاری کیے بغیر بتایا گیا کہ تمام مہمانوں کو 19 مئی 2018 کی دوپہر 12 بجے تاریخی چرچ ’سینٹ جارج چپل‘ ونڈسر کیسل میں مدعو کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہی شادی میں صرف ڈھائی ہزار مہمان مدعو

شاہی مہمانوں کو شہزادہ ہیری کی دادی ملکہ ایلزبیتھ کی جانب سے ظہرانہ دیا جائے گا، جب کہ دولہا کے والد کی جانب سے 200 مہمانوں کو فروگ مور ہاؤس میں ایک نجی تقریب میں بھی مدعو کیا گیا ہے۔

بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ مجموعی طور پر 600 میں سے 200 مہمانوں کو نجی تقریب میں کیوں بلایا گیا اور اس تقریب میں کون سی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

مہمانوں کو جاری کیے گئے دعوت نامے میں شہزادہ ہیری کو شاہی خاندان کے لقب سے بھی نوازا گیا ہے، انہیں ’پرنسز آف ویلز‘ کا درجہ دیا گیا ہے۔

جب کہ ان کی ہونے والی دلہن امریکی اداکارہ میگھن مارکل کو شاہی لقب یا اعزاز سے نوازے بغیر صرف ان کا نام درج کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: میگھن مارکل برطانوی شہزادی نہیں بن سکتیں

دعوت نامے میں مہمانوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ پرنسز آف ویلز اور میگھن مارکل کی شادی کی تقریب میں شرکت کرکے دن کو یادگار بنائیں۔

ساتھ ہی شاہی محل کی جانب سے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ڈریس کوڈ بھی بتایا گیا ہے، جس کے تحت مہمانوں کو صرف مارننگ کوٹ، لاؤنج سوٹ اور ڈے ڈریس میں برطانوی ہیٹ سمیت شرکت کرنا ہوگی۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

ممکنہ طور پر شہزادہ ہیری بھی شادی کے موقع پر فوجی یونیفارم پہنیں گے، جس میں وہ خدمات دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ 3 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی میں قریبا ڈھائی ہزار مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا۔

تاہم اب ان کی تعداد محدود کرکے 600 تک کردی گئی ہے، جب کہ ابتدائی طور پر رواں برس فروری میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ممکنہ طور پر شاہی شادی کے لیے 800 افراد کو مدعو کیا جائے گا۔

—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

شاہی دعوت نامے کس نے تیار کیے؟

شاہی خاندان کی شادی کے لیے دعوت ناموں کی تیاری کا کام 24 سالہ لڑکی لوٹی سمال نے سر انجام دیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز بھی میں کینزنگٹن پیلس کی جانب سے جاری کی گئیں۔

24 سالہ لوٹی سمال نے شاہی خاندان کے دعوت ناموں کو 1930 کی پرانی مشین پر تیار کیا، جس میں امریکن سیاہ سیاہی کو استعمال کیا گیا۔

شاہی خاندان کے دعوت نامے معروف برطانوی کمپنی ’برانڈ اینڈ ویسٹ ووڈ‘ کی مشین پر تیار کیے گئے، یہ کمپنی 1985 سے شاہی خاندان کے دعوت نامے تیار کر رہی ہے۔

یہ کمپنی قریبا ایک صدی پرانی ہے، اس کی بنیاد 1921 میں رکھی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں