سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر ٹکٹیں بلیک کرنے کے الزامات لگانے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان خود کرکٹ کی کٹوں میں منشیات کی بیرونِ ملک اسمگلنگ کرتے رہے ہیں۔

سکھر میں سوشل سیکیورٹی اسکیم کے تحت قائم ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے خلاف منشیات اسمگلنگ کے ثبوت موجود ہیں، اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔

سید ناصر حسین کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری خود سینما گھر کے مالک تھے اور ایک مالک کو ٹکٹیں بلیک کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن عمران خان کے تو بیٹ میں بھی منشیات اسمگل ہوتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے سربراہ بننا چاہتے ہیں، اگر سربراہ نے ایسا کیا ہے تو پھر اس ملک کا کیا حشر ہوگا۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم مسترد کردی

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین اس وقت کرپشن کے خلاف باتیں کررہے ہیں لیکن خود کرپٹ افراد کے جھرمٹ میں موجود ہیں جس بات کا اعتراف وہ خود بھی کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی جو اس وقت پارسا بن رہے ہیں انہیں کرپشن کے باعث وزرات سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان کے علاوہ بھی بہت سارے نام تحریک انصاف میں ایس کرپٹ لوگوں کے ہیں جو گنوائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو سندھ سے کچھ نہیں ملے گا، 2013 میں بھی تحریک انصاف پانی کا وہ بلبلہ ثابت ہوئی تھی جس میں ہوا بھری گئی تھی لیکن اب وہ ہوا بھی نکل چکی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم پاکستان کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ منتشر قومی موومنٹ بن چکی ہے اور اب منتشر قومی موومنٹ کے لوگ اپنے بچاؤ کے لیے ڈوبتے ہوئے تنکے کا سہارا لینا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ ان کو پہچان چکے ہیں کہ شہر کی تباہی اورسانحہ بلدیہ کے ذمہ دار کون ہیں، اس لیے اب کراچی کے لوگ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری، عمران ایک سکے کے دورخ، دونوں بھائی بھائی ہیں، نوازشریف

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار بہت جذباتی ہوئے ہوئے ہیں اس لیے ان کے بارے میں کچھ کہہ کر ان کے جذبات کو چھیڑنا نہیں چاہتے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خارجہ پالیسی کے ساتھ معاشی پالیسی میں بھی نا کام ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم اور دیگر چیزیں سب فراڈ ہیں، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

بھارت کے زیرِ انتطام کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز نوڈیرو میں بھی سی ای سی کے اجلاس میں بھی بھارت کے مظالم کی مذمت اور کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں