کراچی/اسلام آباد: سمندری ہوائیں چلنے کے بعد شہر قائد میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کچھ حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور جمعہ (25 مئی 2018) کو درجہ حرارت 40 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ چند روز سے کراچی میں شدید گرمی جاری تھی اور پارہ 44 ڈگری تک جاپہنچا تھا جبکہ شہر میں نمی کا تناسب بہت کم تھا اور سمندری ہوائیں بھی چلنا بند ہوگئی تھی۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں بدھ کو پارہ 43.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ شمال مغرب سے سمندری ہوائیں چلنے کے بعد اس میں کمی آئی اور گزشتہ روز کراچی کا درجہ حرارت 37.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں شدید گرمی کے مقابلے میں یہ بہتر موسم کچھ دن ہی برقرار رہے گا اور پیر سے دوبارہ شہر قائد میں گرمی بڑھنے کا امکان ہے اور پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں شدید گرمی، پارہ 42 ڈگری تک جا پہنچا

حکام کی جانب سے کہا گیا کہ گزشتہ روز کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث نمی کے تناسب میں اضافہ ہوا اور صبح کے اوقات میں نمی کا تناسب 66 فیصد جبکہ شام میں 55 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے مزید بتایا کہ ملک کے شمال مغربی حصے سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں تاہم سندھ کے دیگر شہروں میں موسم بدستور گرم رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز سندھ میں سب سے زیادہ گرم شہر نوابشاہ رہا جہاں درجہ حرارت 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ صوبے کے دیگر شہر دادو میں درجہ حرارت (45.8 ڈگری) چھور، جیکب آباد، موہن جودڑو، پدیدان اور سکھر میں (45.5 ڈگری)، مٹھی، روہڑی میں (45 ڈگری)، حیدرآباد میں ( 43.5 ڈگری جبکہ بدین میں پارہ (43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

طوفان میکونو

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یمنی جزیرے سوکوترا میں بحیرہ عرب میں طوفان بن رہا ہے جو کراچی کے شمال مغرب میں 1700 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ طوفان جمعہ کی شام کو عمان کی جنوبی ساحلی پٹی سے ٹکرا سکتا ہے اور اس دوران 150 سے 160 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے 65 افراد جاں بحق ہوئے، فیصل ایدھی

محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ میکونو نامی اس طوفان میں آئندہ 24 گھنٹوں میں تیزی آئے گی تاہم اس سے پاکستانی علاقے کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔

طوفان کے بارے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات غلام رسول کا کہنا تھا کہ میکونو کا کراچی سے ٹکرانے کا امکان نہیں لیکن جو بات سب سے اہم ہے وہ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کی تھرمل تصاویر دیکھی جائے تو وہ سرخ ہیں، جو شدید گرمی کی علامت ہے جسے کم کرنے کے لیے شہر میں شجرکاری کی فوری ضرورت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں