پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 70 پشاور 5 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خوش دل خان کامیاب ہوگئے۔

ڈان نیوز کو حاصل ہونے والے غیر حتمی نتیجے کے مطابق صوبے میں وزارتِ اعلیٰ کے اہم امیدوار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ فرمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے خوش دل خان کو 187 ووٹوں سے فتح حاصل ہوئی جس کے ساتھ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اے این پی کی نشستوں کی تعداد 7 ہوگئی۔


مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے خیبرپنخونخوا میں وزیراعلیٰ کیلئے 3 ناموں غور شروع کردیا

واضح رہے کہ شاہ فرمان نے تحریک انصاف کے ہی ٹکٹ پر پی کے 71 پشاور 6 سے بھی انتخابات میں حصہ لیا تھا جہاں وہ کامیاب قرار پائے تھے۔

اے این پی کے خوش دل خان عام کو اس نشست پر پی ٹی آئی سے ابتدائی نتائج میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم انہوں نے ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔

ریٹرننگ افسر نے اے این پی رہنما کی درخواست منظور کی جس کے بعد حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کا فیصلہ کرنے میں پی ٹی آئی ناکام

اے این پی کے امیدوار نے 5 ہزار 5 سو 44 ووٹ حاصل کیے ہیں اور وہ ایک سو 87 ووٹوں سے پی ٹی آئی کے امیدوار شاہ فرمان سے آگے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے حامیوں کی جانب سے علاقے میں خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد یہ اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ پرویز خٹک کے ساتھ ساتھ شاہ فرمان بھی وزارتِ اعلیٰ کے مضبوط امیدوار ہیں۔

عابد شیر علی ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی ناکام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کو این اے 108 (فیصل آباد) کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد بھی ناکام قرار دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی، عابد شیر علی نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فرخ حبیب سے 1 ہزار 211 ووٹوں سے ہارنے کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست جمع کرائی تھی۔

این اے 108 فیصل آباد 8 میں 394 پولنگ اسٹیشنز ہیں جس کے ریٹرننگ افسر شکیل احمد نے 220 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرنے کے بعد نتائج جاری کیے۔

ان کے مطابق 220 پولنگ اسٹیشنز میں کوئی واضح فرق سامنے نہیں آیا جس کے مطابق فرخ حبیب ہی اس نشست سے فاتح قرار پائے ہیں۔

مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کے بعد آر او نے حلقے کا نیا فارم 47 جاری کیا جس کے مطابق فرخ حبیب نے 1 ہزار 201 ووٹ سے برتری حاصل کی جو گزشتہ گنتی کے مقابلے میں 10 ووٹ کم تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں