اسماء نبیل نے کاجول کو اپنی پسندیدہ اداکارہ بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ
اسماء نبیل نے کاجول کو اپنی پسندیدہ اداکارہ بھی قرار دیا—اسکرین شاٹ

حال ہی میں بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول کی آنے والی جذباتی فلم ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس نے بھرپور داد وصول کی۔

اس فلم میں جہاں 44 سالہ کاجول کے منفرد کردار اور اداکاری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں وہیں ریلیز سے قبل ہی اس کی کہانی کو بہترین بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم اس فلم کے حوالے سے تازہ اطلاعات یہ ہیں کہ اس کے ٹائیٹل گانے کی شاعری کسی بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی لکھاری نے لکھی ہے۔

جی ہاں، ‘ہیلی کاپٹر’ ایلا کے گانے ‘تو گیا تو رکی ساری سانسیں، مر بھی جائیں تو اب نہیں کوئی غم’ کی شاعری کسی بھارتی نہیں بلکہ پاکستان کی معروف مصفنہ ڈرامہ و فلم نگار اسماء نبیل نے لکھی ہے۔

اس شاعری کے ساتھ ہی اسماء نبیل نے بولی وڈ میں سانگ رائٹر کا ڈیبیو بھی کیا ہے۔

اس گانے کو ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ کی مرکزی اداکارہ کاجول اور اس کے بیٹے کے درمیان تعلقات اور تلخیوں پر فلمایا گیا ہے۔

کاجول 3 سال بعد کسی فلم میں نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ
کاجول 3 سال بعد کسی فلم میں نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ

اگرچہ اس گانے کو تاحال ریلیز نہیں کیا گیا، مگر جاری کیے گئے ٹریلر میں اس گانے کا مختصر حصہ شامل کیا گیا ہے۔

‘ہیلی کاپٹر ایلا’ کو رواں برس 7 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا، اس فلم میں کاجول اور نیہا دھوپیا سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنے جوان بیٹے کی کلاس فیلو ‘ایلا’

یہ فلم گجراتی زبان کا ہندی فلم ریمیک ہے، فلم کی کہانی ماں اور بیٹے کے تعلقات، جذبات اور تلخیوں کے گرد گھومتی ہے۔

اس فلم کے لیے لکھی گئی شاعری کے حوالے سے پاکستانی ڈرامہ نگار اسماء نبیل نے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی شاعری بولی وڈ فلم کا حصہ بنی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی شاعری کو فلم میں شامل ہونے کو اپنے لیے جذباتی بھی قرار دیا۔

کاجول اپنے بیٹے کی کالج میں پڑھتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ
کاجول اپنے بیٹے کی کالج میں پڑھتی نظر آئیں گی—اسکرین شاٹ

اس حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے اسماء نبیل کا کہنا تھا کہ وہ ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ کے ڈائریکٹر پردیپ سرکار کو گزشتہ 6 سال سے جانتی ہیں، ان دونوں کے تعلقات ایک کمرشل ایجنسی میں کام کرنے کے دوران ہوئے۔

اسماء نبیل کے مطابق پردیپ سرکار ان کی اردو سے بہت متاثر تھے، انہوں نے ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ کے لیے گیت کچھ عرصہ قبل لکھا تھا۔

خیال رہے کہ اسماء نبیل نے بولی وڈ فلم کے لیے شاعری لکھنے سے قبل پاکستانی فلم ‘مان جاؤ نا’ کے اسکرپٹ لکھنے سمیت متعدد ڈرامے بھی لکھے۔

ان کے مقبول ڈراموں میں جیو ٹی وی کا ‘خانی’ اور ‘خدا میرا بھی ہے’ شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں