فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برطانیہ میں غیر منقولہ جائیداد خریدنے والے پاکستانیوں کو نوٹس جاری کردیے۔

ایف بی آر نے ان تمام پاکستانیوں کو نوٹس جاری کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے جنہوں نے نہ صرف برطانیہ میں جائیداد خرید رکھی ہیں بلکہ باقاعدگی سے کرایہ بھی وصول کررہے ہیں۔

اس سلسلے میں تقریباً ایک ہزار پاکستانیوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی چیئرپرسن رخسانہ یاسمین نے اپنے بیان میں کہا کہ ان افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے جنہوں نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا۔

پاکستانی حکومت نے بلیک منی کو وائٹ کرنے کے لیے یکم جون سے 31 جولائی تک ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

چیئرپرسن کے مطابق ’ ان پاکستانیوں کی تفصیلات برطانوی ٹیکس حکام کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں۔‘

اس حوالے سےیہ بات بھی اہم ہے کہ برطانوی جائیداد مالکان کو نوٹسز ارسال کرنے کے مرحلے کے بعد دبئی میں جائیداد خریدنے والے 5 سو افراد کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ان نوٹسز کے ذریعے ایف بی آر حکام اس بات کا تعین کریں گے کہ مذکورہ جائیداد مالکان ملک میں ٹیکس ادا کرتے ہیں اور انہوں نے انکم ٹیکس گوشواروں میں جائیداد کا ذکر کیا ہے یا نہیں ۔

مزید پڑھیں : ایف بی آر کو برطانیہ میں پاکستانیوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کی معلومات حاصل

اس کے علاوہ ٹیکس حکام کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ ملک میں ان جائیدادوں کی ملکیت کا اعلان کیا گیا ہے یا نہیں، فی الحال، ایف بی آر اس بات سے لاعلم ہے کہ برطانیہ میں جائیداد کی خرید وفروخت میں پاکستانیوں نے کتنی سرمایہ کاری کی ہے۔

ایف بی آر کے ٹیکس یونٹ نے ان افراد کو نوٹس جاری کردیے ہیں، یہ معلومات رواں مالی سال میں جمع ہونے والے ٹیکس میں اضافہ کرے گی۔

پاکستان نے اقتصادی تعاون اور ڈیولپمنٹ تنظیم (او ای سی ڈی) کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں جو اگلے ماہ سے پاکستانیوں کے آف شور اکاؤنٹ سے متعلق معلومات فراہم کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے 55 ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا

اس سے ایف بی آر کو او ای سی ڈی کے رکن ممالک میں پاکستانیوں کے آف شور اکاؤنٹس تک رسائی میں مدد ملے گی۔

ایف بی آر حکام کا کہنا تھا ’ اس کنونشن کے تحت ہم ستمبر سے برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں موجود پاکستانیوں کے آف شور اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کریں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ دبئی میں موجود جائیدادوں کے لیے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا‘۔

دوسری جانب انٹیلی جنس اور انویسٹی گیشن ڈائریکٹر نے پراپرٹی، انعامی اسکیم، گاڑیوں کا ڈیٹا جمع کرلیا ہے اور ریجنل ٹیکس آفس کو بھی اس سے آگاہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کو پیر کو باضابطہ وزیراعظم نامزد کیا ہے، ملک کے متوقع وزیراعظم نے برطانیہ اور دبئی کی سے آف شور اکاؤنٹس میں موجود پیسہ واپس لانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 7 اگست 2018 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں