اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ یہ ملاقات ان کے نوٹس میں نہیں۔

خیال رہے کہ 5 اگست 2018 کو ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالا میں ملاقات کی تھی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی تھی جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے درمیان عالمی امور اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔

سفارتی مشنز پر نان کیرئیر سفارتکاروں کی تعیناتی پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے میڈیا کے نمائندوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ حال ہی میں امریکا میں تعینات کیے جانے والے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی سمیت تمام نان کیرئیر تعیناتیوں اور کیڈر کے علاوہ تعینات سفیر نئی حکومت کے آنے کے ساتھ ہی مستعفی تصور ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات

انہوں ںے کہا کہ نان کیرئیر سفیروں کی مدت سفارت جاری رکھنے یا ختم کرنے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا فیصلہ آنے والی نئی حکومت کی صوابدید ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں جاری کشیدگی کے حل کے لیے تمام تر اقدامات کرے گا اور پاکستان افغانستان میں امن کا خواہ ہے۔

پاکستان کی جانب سے قرض کے سلسلے میں عالمی مالیاتی اداروں سے رابطے کے حوالے سے انہوں ںے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

روس اور پاکستان تعلقات

دفتر خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ روس اور پاکستان کے دفاعی تعلقات بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون سے دفاعی معاملات میں فروغ کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ 8 اگست 2018 کو پاکستان اور روس کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت پاکستانی فوجیوں کو روسی عسکری تربیتی اداروں میں تربیت کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے پاکستان کی وزارت دفاع کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستانی سروس ممبرز کے روسی فیڈریشن (آر ایس) تربیتی اداروں میں داخلوں سے متعلق دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں‘۔

دونوں ممالک کے درمیان یہ معاہدہ روس-پاکستان مشترکہ فوجی مشاورتی کمیٹی (جے ایم سی سی) کی پہلی ملاقات نیتجے میں سامنے آیا تھا کیونکہ وزارت دفاع کے مطابق یہ پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان دفاعی تعاون کا سب سے بڑا فورم ہے۔

موناباؤ سرحد کھولنے کا معاملہ

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی خاتون کی لاش کو بھجوانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قائم موناباؤ سرحد کو خصوصی طور پر کھولا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کے درمیان مشترکہ فوجی تربیت کے معاہدے پر دستخط

انہوں ںے کہا کہ پاکستان کے اس اقدام پر بھارتی ایم ایل اے نے بذریعہ خط سیکریٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت جاری

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جارہی اور ریاستی جبر چھپانے کے لیے صحافیوں کو کشمیر میں نہیں جانے دیا جارہا۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک 1400 سے زائد مرتبہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معائدے کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے 30 شہری شہید ہوچکے ہیں۔

سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی سے متعلق سوال پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی حمایت کرتا ہے اور ہمارا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ کسی بھی ملک کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ کسی کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر مبنی اس کی خود مختاری کا تحفظ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کینیڈا کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے امتیازی ویزا پالیسی، منفی سفری ایڈوائزی اور اسلام آباد میں موجود کینیڈا کے ہائی کمشنر کا برتاؤ اور میزبان حکومت کی طرف رویے سے ناخوش ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں