ہر سال ہی ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیجنڈ ریسلر انڈر ٹیکر کی ریٹائرمنٹ کی افواہیں سامنے آتی ہیں مگر لگتا ہے کہ اب کمپنی نے انہیں الوداع کہنے کے لیے بہترین ریسلر کا انتخاب کرلیا ہے۔

اور انڈر ٹیکر کو ممکنہ طور پر ریٹائر کرکے گھر بھیجنے والا ریسلر بھی ایک لیجنڈ ہوگا جسے انڈر ٹیکر نے ہی کئی برس پہلے ریٹائر کیا تھا۔

جی ہاں ایسا لگتا ہے کہ شان مائیکل ریسل مینیا 35 میں انڈر ٹیکر کو شکست دے کر ریٹائر ہونے پر مجبور کریں گے۔

مزید پڑھیں : انڈر ٹیکر اب بھی کروڑوں روپے کمانے میں مصروف

گزشتہ سال رومن رینز کے ہاتھوں ریسل مینیا 33 میں شکست کے بعد کہا جارہا تھا کہ انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے مگر ایسا نہ ہوسکا۔

پیر کو ڈبلیو ڈبلیو ای شو را کے ایک سیگمنٹ کے دوران ڈبلیو ڈبلیو ای نے شان مائیکل اور انڈر ٹیکر کے درمیان میچ کا اشارہ دیا ہے۔

خیال رہے کہ شان مائیکل 2010 میں ریسل مینیا 26 کے میچ میں انڈر ٹیکر کے ہاتھوں شکست کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے کیونکہ یہ میچ اسی شرط پر ہوا تھا کہ اگر شان مائیکل ہارے تو انہیں کیرئیر ختم کرنا ہوگا۔

مگر پیر کو شو کے دوران شان مائیکل نے اگلے ماہ شیڈول ایونٹ میں انڈر ٹیکر اور ٹرپل ایچ کے درمیان مقابلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرپل ایچ کی کامیابی کی پیشگوئی کی۔

تو اس موقع پر ڈیڈ مین (انڈرٹیکر کی ایک اور عرفیت) اچانک آئے اور شان مائیکل پر برس پڑے۔

اس موقع پر شان مائیکل نے اعتراف کیا کہ انہیں برسوں سے ایک اور میچ کے لیے کروڑوں ڈالرز کی پیشکش کی جارہی ہے مگر وہ انڈر ٹیکر سے کیے گئے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے رنگ میں نہیں لوٹے۔

اس موقع پر انڈر ٹیکر نے کہا کہ اگر شان مائیکل کبھی واپس آتے ہیں تو وہ درحقیقت ڈیڈمین سے اپنا انتقال لینے کے لیے ہی آئیں گے اور ان الفاظ سے انہوں نے ایک اور میچ کا دروازہ کھول دیا۔

یہ بھی پڑھیں : انڈر ٹیکر کی 10 مہینے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی

اور اس میچ کے لیے اسٹوری لائن کے لیے یہ امر کافی ہے کہ میلبورن میں شیڈول ٹرپل ایچ اور انڈر ٹیکر کے میچ میں شان مائیکل نے اہم کردار ادا کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

یعنی اگر وہ انڈر ٹکر کی شکست کی وجہ بنے تو اس سے انتقام لینے کے لیے بے تاب انڈر ٹیکر سے ان کے میچ کی بنیاد بھی پڑجائے گی۔

اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس مقابلے کی شرط انڈر ٹیکر کی جانب سے اپنے کیرئیر کو داﺅ پر لگانا ہوگا جبکہ شان مائیکل کو کامیابی کی صورت میں ریسلنگ کی دنیا میں واپسی کی اجازت مل جائے گی۔

انڈر ٹیکر اور شان مائیکل دونوں کی عمر اس وقت 53 سال ہے اور رواں سال شان مائیکل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اچھے حالات میں ایک اور میچ کے لیے تیار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں