سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پہلے ہی لوگوں کی زندگی کے متعدد شعبوں میں 'آسانیاں' فراہم کررہی ہے، یعنی پرانی اشیاءکی خریدو فروخت سے لے کر ملازمتوں کے حصول میں مدد تک۔

مگر اب فیس بک لوگوں کو 'سچی محبت' ڈھونڈنے میں بھی مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

مزید پڑھیں : اب ملازمتوں کا حصول فیس بک سے بھی ممکن

جی ہاں فیس بک نے آخرکار اپنے ڈیٹنگ فیچر کو باضابطہ طور پر متعارف کرادیا ہے، جس کا اعلان مئی میں کمپنی کی سالانہ ڈویلپر میٹنگ کے دوران کیا گیا تھا۔

فیس بک کے مطابق اس فیچر کی آزمائش فی الحال کولمبیا میں ہورہی ہے اور یہ اس طرح کی دستیاب دیگر ایپس سے کافی مختلف ہے۔

فیس بک اس میں گروپس اور ایونٹس کو بھی منسلک کرے گی تاکہ اس کی رسائی زیادہ صارفین تک ہو۔

فیس بک کے پراڈکٹ منیجر ناتھن شارپ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ لوگوں کی جانب سے ایک دوسرے کو پسند کرنے کا رویہ ایسا ہے جو ہم اس سائٹ پر طویل عرصے سے دیکھ رہے ہیں، ہم اس عمل کو آسان اور اطمینان بخش بنانا چاہتے ہیں، ہمیں لگتا ہے کہ اب اس کا درست وقت آگیا ہے۔

یہ فیچر صرف فیس بک موبائل ایپ میں ہی دستیاب ہے (کولمبیا میں) اور ڈیسک ٹاپ پر نہیں۔

یہ فیچر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مفت ہوگا اور اس میں کوئی اشتہار یا پریمیئم فیچر موجود نہیں (فی الحال)۔

کوئی بھی صارف اس فیچر کو اس وقت تک استعمال نہیں کرسکے گا جب تک وہ اس کا انتخاب نہیں کرتا، اگر وہ کرتا ہے تو وہ اسے ایک الگ پروفائل بنانی ہوگی جس میں کچھ ذاتی معلومات کا اندراج کرنا ہوگا۔

یعنی اپنا پہلا نام، عمر اور ایسی ہی چیزیں، جب پروفائل تیار ہوجائے گی تو صارف سے اپنے بارے میں کچھ تعارفی فقرے لکھنے کا کہا جائے گا کہ جس میں وہ وضاحت کرے کہ وہ کون ہے اور کیا چاہتا ہے۔

اس پروفائل میں تصاویر اور فیس بک کے سوالات دیگر افراد دیکھ سکیں گے، مجموعی طور پر ایک صارف 9 تصاویر اپ لوڈ کرسکے گا، جبکہ جعلی پروفائل کو روکنے کے لیے فیس بک صارف کی لوکیشن کی تصدیق فون کے جی پی ایس سے کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کا دلچسپ فیچر استعمال کیا؟

فیس بک کے مطابق صارف سوکلومیٹر کے اندر اپنے میچ کو براﺅز کرسکے گا اور اپنے شہر یا ضلع سے باہر کسی کو تلاش کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اور ہاں فیس بک اس میں آپ کے کانٹیکٹس کو شو نہیں کرے گا بلکہ دوستوں کے دوست یا ایسے افراد جو بالکل اجنبی ہوں گے، وہ ہی دیکھیں جاسکیں گے۔

آپ فیس بک کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے نتائج میں سے کسی کو میسج کرسکیں گے اور اگر جواب ملا تو ایک چیٹ تھریڈ اوپن ہوجائے گا، یہ پیغامات ٹیکسٹ اور ایموجی تک ہی محدود ہوں گے، تصاویر یا ویڈیوز کو بھیجا نہیں جاسکے گا۔

فیس بک کے مطابق اس فیچر کا مقصد لوگوں کے درمیان سنجیدہ اور بامقصد تعلق کو فروغ دینا ہے، فلرٹ کو نہیں۔

فیس بک کے 2 ارب 20 کروڑ سے زائد صارفین ہیں تو اسے توقع ہے کہ اس فیچر کو لوگ خوش آمدید کہیں گے۔

یہ فیچر دیگر ممالک میں کب تک دستیاب ہوگا، اس بارے میں کمپنی نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں