کوہلی، جدیجا کی سنچریوں کے بعد ویسٹ انڈین بیٹنگ ڈھیر، فالو آن کا خطرہ

05 اکتوبر 2018
راجکوٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن رویندرا جدیجا اور ویرات کوہلی نے سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: اے ایف پی
راجکوٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن رویندرا جدیجا اور ویرات کوہلی نے سنچریاں اسکور کیں— فوٹو: اے ایف پی

پرتھوی شا کے بعد ویرات کوہلی اور رویندرا جدیجا کی سنچریوں کی بدولت بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ 649رنز بنانے کے بعد صرف 94رنز پر چھ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو پویلین رخصت کردیا ہے۔

راجکوٹ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت نے 364رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شورع کی تو ویرات کوہلی اور ریشابھ پانٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ویسٹ انڈین باؤلرز کی خوب خبر لی۔

یہ بھی پڑھیں: پرتھوی شا ڈیبیو پر سنچری بنانے والے سب سے کم عمر بھارتی بلے باز

دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا خصوصاً پانٹ نے انتہائی تیز رفتاری سے بیٹنگ کی اور صرف 84 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 92رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب ویرات کوہلی نے ہمیشہ کی طرح شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 24ویں سنچری مکمل کی۔

دونوں کھلاڑیوں کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت نے دن کے پہلے سیشن کے 29 اوورز میں 142 رنز بنائے۔

پانٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی نے رویندرا جدیجا کے ہمرہا اسکور کو 534 تک پہنچایا لیکن اس موقع پر وہ 139رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ریپ الزامات کے بعد رونالڈو کے اربوں روپے کے معاہدے خطرے میں

کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد امید تھی کہ جلد بھارتی ٹیم پویلین لوٹ جائے گی لیکن رویندرا جدیجا ویسٹ انڈین باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے اور ٹیل اینڈرز کے ہمراہ عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

جدیجا نے 5 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 132 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کی سنچری مکمل ہوتے ہیں کوہلی نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

بھارت نے 649رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دویندرا بشو 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے لیکن اس کے لیے انہیں 2017رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

ایک بڑے اسکور کے جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز کسی بھیانک خواب سے کم نہ تھا اور 7 کے مجموعی اسکور تک پہنچتے پہنچتے، محمد شامی نے دونوں ویسٹ انڈین اوپنرز کریگ بریتھ ویٹ اور کیرن پاول کو پویلین چلتا کردیا۔

اسکور 21 تک پہنچا تو روی چندرن ایشون نے شے ہوپ کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ مزید 11 رنز کے اضافے سے شیمرون ہٹمیئر نے رن آؤٹ ہو کر ٹیم کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا۔

ابھی ٹیم نصف سنچری سے ایک رن کی دوری پر ہی تھی کہ جدیجا نے سنیل ایمبرس کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو پانچواں نقصان پہنچایا۔

مزید پڑھیں: ڈی ویلیئرز کے بعد اسمتھ اور راشد بھی پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد روسٹن چیز اور شین ڈاؤرچ نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور اسکور کو 74 تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر تیسرے بھارتی اسپنر کلدیپ یادو کے ہاتھوں ڈاؤرچ کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 94رنز بنائے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے 555 اور فالو آن سے بچنے کے لیے 356رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں