عبدالرحمٰن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2018
عبدالرحمٰن نے 2012 میں 
انگلینڈ کے خلاف 19 وکٹیں حاصل کیں تھیں —فائل فوٹو / اے ایف پی
عبدالرحمٰن نے 2012 میں انگلینڈ کے خلاف 19 وکٹیں حاصل کیں تھیں —فائل فوٹو / اے ایف پی

سابق پاکستانی اسپنر عبدالرحمٰن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ بین الاقوامی سیلیکٹرز کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے مایوس تھے اس لیے دلبرداشتہ ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

38 سالہ عبدالرحمٰن نے 6 سال قبل 2012 میں اپنے کیریئر کی بہترین پرفارمنس دیتے ہوئے دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں وائٹ واش کیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبدالرحمٰن نے 19 جبکہ سعید اجمل نے 24 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

عبدالرحمٰن نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں بہت دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ تھا‘۔

انہوں نے 22 ٹیسٹ میچ میں 99، 31 ون ڈے میچز میں 30 اور 11 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں : مثبت ڈوپ ٹیسٹ، عبدالرحمٰن پر بارہ ہفتوں کی پابندی عائد

عبدالرحمٰن نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2014 میں سری لنکا میں کھیلا تھا جس کے بعد سیلیکٹرز نے کم عمر کھلاڑیوں کو شامل کرنا شروع کیا اور انہیں کسی بھی بین الاقوامی میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کو 2012 میں شکست سے دو چار کرنا میرے کیرئیر کا یادگار ترین لمحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’سعید اجمل کے ساتھ میری جوڑی بہت اعلیٰ تھی، میں وہ لمحہ کبھی نہیں بھول سکتا جب ہم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع دیا گیا جس کے لیے میں شکر گزار ہوں، جہاں میری کارکردگی اچھی تھی۔

عبدالرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے ٹیسٹ میچ وکٹس میں سنچری مکمل نہ کرنے پر بہت افسوس ہے لیکن میں نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں لیں، یہ بھی کم نہیں کیونکہ بہت کم اسپنرز ایسا کرپاتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں : عبدالرزاق نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

خیال رہے کہ عبدالرحمٰن پر انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے نشہ آور ادویات لینے پر 12 ہفتوں کی پابندی عائد کی گئی تھی، ان کا 8 اگست 2012 کو ہونے والا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کی کائونٹی ٹیم سمرسیٹ کے چیف ایگزیکٹو گائے لوینڈر نے انگلش کرکٹ بورڈ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل طور پر حمایت کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں