آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، عباس کے نام ایک اور اعزاز

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2018
محمد عباس کا بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن — فوٹو، فائل
محمد عباس کا بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن — فوٹو، فائل

پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس کا ستارہ افق پر ایک مرتبہ پھر جگمگا اٹھا اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق محمد عباس تیسرے بہترین باؤلر بن گئے۔

محمد عباس صرف 10 میچوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے باؤلر ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف شاندار بیٹنگ کے بعد کپتان سرفراز احمد کی رینکنگ میں بھی 17 درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 25ویں پوزیشن پر آگئے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کے خلاف فتح، پاکستانی ٹیم نے نیا ریکارڈ بنا دیا

دبئی ٹیسٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے آف اسپنر بلال آصف 17 درجہ ترقی کے بعد 52ویں نمبر پر آگئے، جبکہ ابوظہبی میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے فخر زمان نے اپنے کیریئر کی رینکنگ کا آغاز 68ویں نمبر سے کیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین باؤلرز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن پہلے نمبر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے نمبر پر ہیں۔

محمد عباس کے علاوہ کوئی دوسرا پاکستانی کھلاڑی سرفہرست 20 باؤلرز میں بھی شامل نہیں ہے۔

بیٹنگ کے شعبے میں بھارت کے ویرات کوہلی پہلے نمبر پر ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے سزا یافتہ کپتان اسٹیو اسمتھ اور تیسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن براجمان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئےکھیلنے سے قبل بہت پیشکشیں ہوئیں لیکن ہمت نہیں ہاری، عباس

عالمی درجہ بندی میں بھارت بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے اور انگلینڈ تیسرے نمبر ہے۔

واضح رہے کہ محمد عباس آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ 10 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے جبکہ سیریز میں 17 وکٹیں لینے پر انہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پر عظیم فاسٹ باؤلرز اور سابق کرکٹرز نے پاکستانی باؤلر محمد عباس کو داد و تحسین سے نوازتے ہوئے روشن مستقبل کی نوید سنائی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ششاش Oct 22, 2018 02:54am
اچھا بچہ ھے