ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 85 رنز سے ہرا دیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان نورالحسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز میزان الرحمٰن اور ذاکر حسین نے کیا تاہم 48 کے مجموعے پر میزان الرحمٰن خوشدل شاہ کا شکار بن گئے جو 44 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ذاکر حسین تھے جو 146 کے مجموعی اسکور پر محمد موسیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 69 رنز بنائے تھے۔

میدان سے اوپنرز کی واپسی کے بعد نجم الحسن شانتو اور عفیف حسین نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔

مزید پڑھیں : ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

نجم الحسین شانتو 49 رنز ہی بنا پائے تھے کہ محمد موسی نے قومی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے انہیں ایل بی ڈبلیو کردیا، عفیف حسین 161 کے مجموعی اسکور پر صرف 10 رنز بنا کر خوشدل شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد مصدق حسین اور یاسر علی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو 287 رنز تک بڑھایا اور یاسر علی 56 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پویلین لوٹ گئے۔

یاسر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد مصدق حسین اور نورالحسن نے مقررہ 50 اوورز مکمل کیے، کپتان نور الحسن نے 8 اور مصدق حسین نے ناقابل شکست 85 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 309 رنز بنا کر میزبان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ نے 3 اور محمد موسی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے 310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو محض 14 رنز کے مجموعے پر ہی اس کی پہلی وکٹ گری جب علی عمران صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اننگز کا آغاز علی عمران اور ذیشان ملک نے کیا تاہم اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، پہلی وکٹ 14 کے مجموعے پر گرنے کے بعد دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سعود شکیل بھی محض 23 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر نعیم حسین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایمرجنگ کپ: پاکستان، ہانگ کانگ کے خلاف 225 رنز سے فتح یاب

2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان نے ذیشان ملک کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا لیکن ذیشان ملک 111 کے اسکور پر 47 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

ذیشان ملک کی پویلین واپسی کے بعد صرف 8 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ کپتان محمد رضوان بھی مصدق حیسن کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کی وکٹیں فوری گرتی رہیں، سعد علی اور حسین طلعت نے صرف 10، 10 رنز بنائے، عاشق علی 3، سلیمان شفقت 16 اور غلام مدثر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ نے 58 گیندوں پر 61 رنز بنا کر سب سے نمایاں اننگز کھیلی وہ شفیع الاسلام کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، محمد موسیٰ نے آؤٹ ہوئے بغیر 2 رنز بنائے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 46 اوورز میں 225 رنز پر آؤٹ ہوئے اور 85 رنز سے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے نعیم حسن نے 3، شفیع الاسلام اور مصدق حسین نے 2,2 جبکہ شورف الاسلام، تنویر اسلام اور عفیف حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان ایمرجنگ کے گزشتہ 2 میچوں میں بہترین کارکردگی دکھا کر سیمی فائنل میں پہلے ہی جگہ بنا چکا ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے ہانک کانگ کو 225 رنز سے جبکہ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں