ہوپ کی جارحانہ بیٹنگ، بنگلہ دیش کو پہلے ٹی20 میں شکست

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2018
شیلڈن کوٹریل نے 23 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 55رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی
شیلڈن کوٹریل نے 23 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 55رنز بنائے— فوٹو: اے ایف پی

سلہٹ: شائی ہوپ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی 20 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

پیر کو سلہٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیشی قائد شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا اور شیلڈن کوٹریل نے میزبان بیٹنگ لائن کی صفیں الٹ دیں۔

شکیب الحسن کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی ویسٹ انڈین باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19 اوورز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شکیب 61 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن بنگلہ دیش کے 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال 5، لٹن داس 6، سومیا سرکار 5، مشفق الرحیم 5، محموداللہ 12، عارف الحق 17، محمد سیف الدین ایک، مہدی حسن میراز 8 اور مستفیض الرحمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیموپال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں شائی ہوپ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 10.5 اوورز میں 2 وکٹوں پر حاصل کیا۔

ایون لوئس اور شائی ہوپ نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 51 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، لیوس 18 رنز بنا کر محمد سیف الدین کی گیند کا نشانہ بنے۔

شائی ہوپ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب خبر لی اور 16 گیندوں پر 6 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے تیز ترین ففٹی بنائی، وہ 55 رنز بنا کر محموداللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کیموپال نے پوران کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، پال 28 اور پوران 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

میچ میں 8 وکٹ سے فتح کی بدولت ویسٹ انڈیز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں