پجارا کی سنچری، میلبرن ٹیسٹ میں بھارت کی پوزیشن مضبوط

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2018
چتیشور پجارا سنچری کی تکمیل کے بعد شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
چتیشور پجارا سنچری کی تکمیل کے بعد شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرتے ہوئے پہلی اننگز 443 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔

میلبرن میں جاری سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارت نے 215 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین باؤلرز کے صبر کا خوب امتحان لیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

170 رنز پر محیط اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب مچل اسٹارک نے 82 رنز بنانے والے ویرات کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا، جبکہ اسکور میں چھ رنز کے اضافے کے بعد پیٹ کمنز نے 106 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے والے پجارا کی وکٹیں بکھیر دیں۔

299 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ آسٹریلین ٹیم میچ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، لیکن اس مرحلے پر روہت شرما اور اجنکیا راہانے میزبان باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے لیکن راہانے 34 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما نے عمدگی سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز ریشابھ پانٹ کے ہمراہ 76 رنز جوڑ کر مجموعے کو 437 تک پہنچا دیا، ریشابھ 39 رنز بنانے کے بعد اسٹارک کی وکٹ بنے۔

443 رنز پر رویندرا جدیجا کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارت نے اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، روہت شرما 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز 3 اور مچل اسٹارک 2 وکٹیں لے کر نمایاں باؤلر رہے۔

جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 435 رنز درکار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں