پجارا، ریشابھ کی سنچریاں، بھارت نے رنز کے انبار لگا دیے

04 جنوری 2019
وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: چتیشور پجارا اور ریشابھ پانٹ کی شاندار سنچریوں کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز 622 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر کے میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔

جمعہ کو بھارت نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 303 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو چتیشور پجارا 130 اور ہنوما ویہاڑی 39 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 101 رنز بنے تاہم ویہاری اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 3 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 42 رنز بناکر نیتھن لایون کی گیند پر مارنس لبوشین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

اس موقع پر پجارا کا ساتھ دینے وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 89رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کردیا۔

چتیشور پجارا محض 7رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 22 چوکوں سے مزین 193رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاید آسٹریلین ٹیم اب جلد بھارتی بلے بازوں کو آؤٹ کر کے میچ میں واپسی کرنے میں کامیاب ہو گئی لیکن نئے بلے باز رویندرا جدیجا اور ریشابھ میزبان باؤلرز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلین باؤلرز کی خوب خبر لیتے ہوئے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور پانچ رن فی اوور سے زائد کی اوسط سے کھیلتے ہوئے بھارتی اننگز کی سب سے بڑی 204 رنز کی شراکت قائم کر دی۔

اس دوران ریشابھ پانٹ نے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی جبکہ جدیجا بھی سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن 81 کے انفرادی اسکور پر لایون نے جدیجا کی مزاحمت کا خاتمہ کردیا۔

جدیجا کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی کپتان نے 622رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا، ریشابھ نے 159رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی طرف سے نیتھن لایون نے 4، جوش ہیزلووڈ نے 2 جبکہ مچل سٹارک نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں آسٹریلیا کی طرف سے مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز بنائے تھے اور اس کو بھارتی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 598 رنز درکار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں