پشاور: دھماکے میں خواتین سمیت 6 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 05 جنوری 2019
دھماکے سے قریب موجود دکانوں کو بھی نقصان پہنچا—فوٹو:عارف حیات
دھماکے سے قریب موجود دکانوں کو بھی نقصان پہنچا—فوٹو:عارف حیات
خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: عارف حیات
خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا—فوٹو: عارف حیات
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے—فوٹو: عارف حیات
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کیے—فوٹو: عارف حیات
زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا—فوٹو: عارف حیات
زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا—فوٹو: عارف حیات

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کالی باڑی کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا صدر میں کالی باڑی کے علاقے میں گاڑی کے قریب ہوا، جس میں خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ بارودی مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پشاور: اے این پی کی انتخابی مہم کے دوران دھماکا، ہارون بلور سمیت 20 جاں بحق

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے قریب موجود متعدد دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا—فوٹو: ڈان نیوز
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا—فوٹو: ڈان نیوز

دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کینٹ وسیم ریاض کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے، بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع سے شواہد جمع کر رہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ادھر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے مطابق کالا باڑی میں ہونے والے دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن کی شناخت محمد فاروق، مختارہ بی بی، روبینہ، ابراہیم، رحمت گل اور عمیر کے ناموں سے ہوئی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ دھماکا ایک مذہبی جماعت کے دفتر کے قریب ہوا جبکہ سی سی پی او قاضی جمیل کے مطابق دھماکے میں 10 سے 12 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

سی سی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ گاڑی کہاں سے آئی تھی۔

دھماکے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے بتایا کہ گاڑی کے اندر دھماکا خیز مواد لگایا گیا تھا اور صرف اسی کا استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں دھماکا، ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک 2 زخمی

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں نیا طریقہ استعمال کیا گیا اور گاڑی کے دروازے میں بارودی مواد چھپایا گیا تھا۔

دھماکا ہمارے لیے ایک سگنل ہے، وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے بازار بند تھا، جس کی وجہ سے زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا یہ دھماکا ہمارے لیے ایک سگنل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں