بولی وڈ کے کامیاب ترین ہدایت کاروں میں شمار ہونے والے ڈائریکٹر 56 سالہ راج کمار ہرانی سے متعلق ایک روز قبل ہی خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے گزشتہ برس ریلیز ہونے والی اپنی بلاک بسٹر فلم ’سنجو‘ کی پروڈکشن کے دوران ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خبر کے مطابق خاتون نے راج کمار ہرانی کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی شکایت ’سنجو‘ کے شریک پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا اور اس فلم کی کہانی لکھنے والے ابھیجیت جوشی کو بھی شکایتی ای میل کی تھی۔

خاتون کا دعویٰ تھا کہ راج کمار ہرانی سے انہیں کم سے کم 2 بار جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ راج کمار ہرانی نے ایک بار ان کے خلاف جنسی طور پر نازیبا الفاظ کہے، دوسری بار فلم ساز نے انہیں اپنے دفتر میں جنسی طور پر نشانہ بنایا۔

خاتون کا دعویٰ تھا کہ جن دنوں میں انہیں ہدایت کار نے جنسی طور پر ہراساں کیا، ان دنوں ان کے والد بیمار تھے اور انہیں نوکری کی ضرورت تھی، جس وجہ سے وہ کچھ خاموش رہیں، تاہم پھر بھی انہوں نے فلم ساز کے شریک ساتھیوں کو شکایتی ای میل کیا۔

خاتون کی جانب سے الزامات سامنے آنے کے بعد اگرچہ راج کمار ہرانی کے وکیل نے الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

راج کمار ہرانی نے الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
راج کمار ہرانی نے الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

تاہم اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ راج کمار ہرانی پر الزامات کے بعد ان کی آنے والی کامیڈی فلم ’منا بھائی تھری‘ کی تیاری کو منسوخ کردیا گیا۔

مڈ ڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راج کمار ہرانی کی کامیاب ترین فلم سیریز میں سے ایک منا بھائی کی تیسری فلم کو اس وقت تک تیار نہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جب تک فلم ساز پر لگے الزامات کا فیصلہ نہیں آتا۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راج کمار ہرانی ’منا بھائی تھری‘ کو ودھو ونود چوپڑا فلمز اور فاکس اسٹار کے تعاون سے بنانے کا معاہدہ کر چکے ہیں، تاہم اب فاکس اسٹار نے اس معاہدے پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کا راج کمار ہرانی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام

ذرائع کا کہنا ہے کہ فاکس اسٹار نے ودھو ونود چوپڑا فلمز پر واضح کیا ہے کہ جب تک راج کمار ہرانی کے خلاف لگائے گئے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کا معاملہ حل نہیں ہوجاتا، تب تک منا بھائی کی تیسری فلم کی تیاری شروع نہیں کی جائے گی۔

راج کمار ہرانی پر خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ان کا نام سونم کپور اور انیل کپور کی آنے والی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ سے بھی ہٹایا جائے گا۔

ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا فلم کو ودھو ونود چوپڑا اور راج کمار ہرانی فلمز پیش کر رہے تھے، تاہم اب راج کمار ہرانی کا نام اس سے بھی ہٹادیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ’منا بھائی 3‘ کب سامنے آئے گی؟ ارشد وارثی نے بتادیا

خیال رہے کہ راج کمار ہرانی نے بطور ہدایت کار ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ سے ہی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

منا بھائی ایم بی بی ایس کو 2003 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے شاندار کمائی کی، اس فلم کا سیکوئل 2006 میں لگے رہو منا بھائی کے نام سے بنایا گیا۔

اب اس سیریز کی تیسری فلم بنائے جانے کی تیاریاں تھیں، تاہم راج کمار ہرانی پر الزامات لگنے کے بعد اسے فوری طور پر نہیں بنایا جاسکے گا۔

پہلی دونوں فلموں میں سنجے دت اور ارشد وارثی نظر آئے تھے—اسکرین شاٹ
پہلی دونوں فلموں میں سنجے دت اور ارشد وارثی نظر آئے تھے—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں