سابق بھارتی وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر تعینات رہنے والے دور پر بنائی گئی بولی وڈ فلم ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ اگرچہ ریلیز سے پہلے ہی متنازع بن چکی تھی۔

تاہم خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے شائقین خوب دیکھیں گے اور فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر پر جہاں بھارتی سیاسی جماعت کانگریس خفا نظر آئی، وہیں بی جے پی اس فلم سے خوش دکھائی دی۔

کانگریس نے فلم میں من موہن سنگھ کے وزارت عظمیٰ کے دورانیے کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات لگانے سمیت اسے اپنے خلاف سازش بھی قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: من موہن سنگھ ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘اور سونیا گاندھی

فلم میں من موہن سنگھ کا کردار انوپم کھیر نے ادا کیا، جن پر سابق وزیر اعظم کے کردار کو غلط انداز میں پیش کرنے کا مقدمہ بھی دائر کیا گیا تھا۔

اہانا کمرا فلم میں پریانکا گاندھی بنی ہیں—اسکرین شاٹ
اہانا کمرا فلم میں پریانکا گاندھی بنی ہیں—اسکرین شاٹ

علاہ ازیں کانگریس کی طلبہ تنظیم نے فلم کی نمائش کے خلاف بھارت بھر میں مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، ساتھ ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو ریاست مدھیا پردیش میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، جہاں حال ہی میں کانگری نے ضمنی انتخابات میں جیت کے بعد حکومت بنائی۔

اگرچہ ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر کے خلاف کانگریس کی جانب سے شدید مظاہروں کی خبریں سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی اس فلم پرمدھیا پردیش میں مکمل پابندی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر کے ٹریلر سے بھارت میں ہلچل

تاہم پھر بھی یہ فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام گئی اور فلم نے ابتدائی تین دن میں محض 15 کروڑ روپے سے بھی کم کمائی کی۔

ارجن ماتھر نے راہول گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
ارجن ماتھر نے راہول گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ نے تین دن کے اندر صرف 12 کروڑ روپے ہی کمائے۔

فلم نے سب سے زیادہ کمائی 13 جنوری کو کی جو 4 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی، اس سے قبل فلم نے یومیہ 4 کروڑ روپے سے بھی کم پیسے بٹورے۔

سنجے بارو کا کردار اکشے کھنا نے نبھایا ہے—اسکرین شاٹ
سنجے بارو کا کردار اکشے کھنا نے نبھایا ہے—اسکرین شاٹ

فلم کو بھارت بھر میں 11 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ بننے پر انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ درج

فلم کی کہانی سابق بیورو کریٹ اور سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کے میڈیا ایڈوائزر کی خدمات سر انجام دینے والے سنجے بارو کی اسی نام سے شائع ہونے والی 2014 کی کتاب سے لی گئی ہے۔

سوزانے برنرٹ نے سونیا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
سوزانے برنرٹ نے سونیا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

فلم میں جہاں من موہن سنگھ کا کردار ورسٹائل اداکار انوپم کھیر نے ادا کیا ہے، وہیں سنجے بارو کا کردار اکشے کھنا نبھاتے نظر آئے۔

فلم میں سونیا گاندھی کا کردار اٹالین اداکارہ سوزانے برنرٹ جب کہ ان کی بیٹی پریانکا گاندھی کا کردار اہانا کمرا ادا کرتی دکھائی دیں۔

راہول گاندھی کا کردار ارجن ماتھر نبھاتے نظر آئے جب کہ اس کی ہدایات وجے رتناکر گٹے نے دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں