راولپنڈی: سی ٹی ڈی نے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2019
فہرست کو جاری کرنے کا مقصد دہشت گردوں کی گرفتاری میں شہریوں کی مدد حاصل کرنا ہے— فائل فوٹو
فہرست کو جاری کرنے کا مقصد دہشت گردوں کی گرفتاری میں شہریوں کی مدد حاصل کرنا ہے— فائل فوٹو

راولپنڈی : محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے خودکش حملوں میں معاونت کرنے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 21 دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی۔

مذکورہ فہرست میں شامل 18 دہشت گردوں کے سر پر حکومت کی جانب سے انعامی رقم بھی مقرر کی گئی، جس کی مالیت 2 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک ہے۔

ان دہشت گردوں میں سرِ فہرست اور سب سے خطرناک ملزم مطیع الرحمٰن عرف صمد سیال ہے جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے رکھی گئی جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سی ٹی ڈی کا 5 دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

مذکورہ ملزم سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے جلسے میں کیے گئے خودکش حملوں میں ملوث ہے جبکہ اس کا تعلق لشکر جھنگوی، تحریک طالبان اور حرکت جہاد اسلامی سے ہے۔

جاری کردہ فہرست میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے، لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دفتر، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور پنجاب کے سابق وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر ہونے والے خود کش حملوں اور پولیس اہلکاروں سمیت فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث دہشت گرد شامل ہیں۔

ان دہشت گردوں کی فہرست میں شناختی علامات اور تفصیلات بھی موجود ہیں جبکہ اس فہرست کو جاری کرنے کا مقصد سی ٹی ڈی کی جانب سے ان کی گرفتاری میں شہریوں کی مدد حاصل کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: انتہائی مطلوب 110 دہشت گردوں کی فہرست جاری

واضح رہے کہ فہرست میں شامل زیادہ تر دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے جبکہ دیگر کالعدم جماعتوں میں لشکر جھنگوی، کالعدم سپاہ صحابہ وغیرہ شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں