ٹرمپ کو پاک-افغان قیادت سے ملاقات کا مشورہ دوں گا، امریکی سینیٹر

امریکی سینیٹر نے وزیراعظم کے وژن کی تعریف کی—فائل/فوٹو:ڈان
امریکی سینیٹر نے وزیراعظم کے وژن کی تعریف کی—فائل/فوٹو:ڈان

امریکی سینیٹر لینڈسے گراہم نے کہا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیں گے کہ پاکستان اور افغانستان کی قیادت سے ملاقات کرے تاکہ 17 سالہ طویل افغان تنازع کا حل نکالا جاسکے جہاں تاحال امریکی فوجی موجود ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان کی ملاقات کی تجویز دیتے ہوئے امریکی سینیٹر نے کہا کہ ‘میرے خیال میں اگر وہ ملتے ہیں تو مسئلے کو ختم کر دیں گے’۔

—فوٹو:بشکریہ دفتر وزیراعظم
—فوٹو:بشکریہ دفتر وزیراعظم

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی ری پبلیکن سینیٹر لینڈسے گراہم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

خیال رہے کہ سینیٹر لینڈسے گراہم امریکا کے ان شخصیات میں شامل ہیں جو افغانستان اور شام میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے حامی ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں سلامتی کے امور کا جائزہ لیا اور اس دوران امریکی سینیٹر نے معیشت کی بہتری، کرپشن کے خاتمے اور پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے عمران خان کے وژن کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں:افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار مثبت رہےگا، تہمینہ جنجوعہ

امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک سے تعلقات کی بہتری کے لیے وزیراعظم کی کوششیں ‘قابل ذکر’ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکی سینیٹر سے گفتگو کے دوران افغان تنازع کے سیاسی حل کے لیے امریکا اور خطے کی دیگر قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ہمسائیہ ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔

امریکی سینیڑ نے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی—فوٹو:ڈاکٹر فیصل
امریکی سینیڑ نے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی—فوٹو:ڈاکٹر فیصل

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی معاشی ٹیم سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے کاروبار دوست پالیسی مرتب کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو امریکی کمپنیوں کے لیے سود مند ثابت ہوسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:افغان صدر کا امن کیلئے پاکستان کے ’پرخلوص کردار‘ پر اظہار تشکر

دونوں فریقین نے باہمی معاشی بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹر نے دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی جہاں دوطرفہ تعاون، افغانستان کی صورت کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بھی زیر بحث آئے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹویٹر میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور زلمے خلیل زاد کی ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ کو افغان امن اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے خطے میں ہونے والی حالیہ ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ نے زلمے خلیل زاد کو امن عمل میں پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔

خیال رہے کہ امریکی سینیٹر کے دورہ پاکستان سے محض دو روز قبل ہی افغانستان کے لیے امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد بھی اسلام آباد پہنچے تھے اور وزیراعظم، وزیر خارجہ، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔

زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ وہ افغان امن مذاکرات میں کامیابی کے منتظر ہیں۔

انہوں نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں امریکا اور افغان طالبان کے مابین براہ راست مذاکرات میں معاونت پر پاکستان کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں