سندھ ہائیکورٹ نے آئیڈیاز 2020 کا کنٹریکٹ منسوخ کردیا

13 فروری 2019
عدالت کے مطابق بدر ایکسپو کو نیلامی کے قانونی طریقہ کار کے بغیر کنٹریکٹ دیا جانا ختم ہونا چاہیے — فائل فوٹو/اے پی
عدالت کے مطابق بدر ایکسپو کو نیلامی کے قانونی طریقہ کار کے بغیر کنٹریکٹ دیا جانا ختم ہونا چاہیے — فائل فوٹو/اے پی

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2020 کو منعقد کرنے کا کنٹریکٹ منسوخ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو رائج قوانین کے تحت نیا ٹیندڑ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور آغا فیصل پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ریمارکس دیئے کہ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کا تقریب کے منتظمین بدر ایکسپو سلوشنز کو نیلامی کے قانونی طریقہ کار کے بغیر کنٹریکٹ دینے کا عمل ختم ہونا چاہیے۔

بینچ کا کہنا تھا کہ وزارت دفاعی پیداوار اور ڈیپو کو آئیڈیاز 2020 اور اس طرح کے کسی بھی مستقبل کی تقاریب کے لیے ٹینڈر کا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری آرڈیننس (پی پی آر او) 2002 اور پبلک پروکیورمنٹ رولز (پی پی آر) 2004 کے تحت آغاز کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: آئیڈیاز میں کلچر شو اور اسپورٹس فیسٹیول بھی شامل

یہ احکامات ایونٹ سلوشنز کی حمیرہ عمران کی جانب سے ان کے سینئر وکیل میاں رضا ربانی کی درخواست پر سامنے آئے۔

ہمیرہ عمران نے اپنی درخواست میں آئیڈیاز 2016 ،2018 اور 2020 کے کنٹریکٹ کو پی پی آر او اور پی پی آر کی ضروریات پوری کیے بغیر دینے پر چیلنج کیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنی درخواست میں وزارت دفاعی پیداوار، ڈیپو، بدر ایکسپو سلوشنز اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کو فریق بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ کو قانون کے مطابق ٹینڈر اور نیلامی کے مرحلے کے بغیر دیا گیا جبکہ اس سے قبل کنٹریکٹ کو متعلقہ قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے دفاع کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے، صدر مملکت

مدعا علیہ کے وکیل محمد علی تالپور نے عدالت میں موقف اپنایا کہ یہ درخواست سماعت کے قابل نہیں کیونکہ درخواست گزار سے جڑے لوگ مبینہ طور پر بھروسے کے قابل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل لیاقت شیخ نے بھی عدالت میں ایڈووکیٹ تالپور کے موقف کی تائید کی تھی۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 13 فروری 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں