’مزید میچز کی میزبانی کی تیاری کرنے پر انتظامیہ کا شکرگزار ہوں‘

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2019
غیرملکی سیکیورٹی ماہرین بھی پی ایس ایل کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے، چیئرمین پی سی بی— فائل فوٹو: اے ایف پی
غیرملکی سیکیورٹی ماہرین بھی پی ایس ایل کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے، چیئرمین پی سی بی— فائل فوٹو: اے ایف پی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ وہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مزید میچز کی میزبانی کے لیے فوری تیاری کرنے پر صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔

احسان مانی نے کرکٹ بورڈ حکام کے ہمراہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور پی ایس ایل میچز کے لیے ہونے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ میں پی ایس ایل کے کراچی میں انعقاد پر بہت خوش ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آخری لمحات میں مزید تین میچز کی میزبانی کی تیاری کرنے پر سندھ حکومت اور کراچی کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: چار ٹیموں کے تمام غیرملکی کھلاڑی پاکستان آنے پر رضامند

احسان مانی نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ، اور بلدیاتی اداروں نے پی ایس ایل کے میچز منعقد کروانے میں بہت محنت کی ہے اور کراچی والوں کو ان پر فخر ہونا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے میچز کے دوران سیکیورٹی جائزہ لینے کے لیے دوسرے ممالک کے سیکیورٹی ماہرین بھی پاکستان آرہے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ جن ممالک کا سیکیورٹی وفد پاکستان آرہا ہے ان میں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غیرملکی سیکیورٹی ماہرین کا پاکستان آنے کا مقصد یہاں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے اور یہ دیکھنا ہے کہ یہاں ہم کیا کیا اقدامات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قلندرز، کنگز اور یونائیٹڈ میں گھمسان کا رن پڑنے کو تیار

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈیوڈ رچرڈسن سمیت کئی غیرملکی مہمان بھی پاکستان کا دورہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پاکستان بالخصوص کراچی میں انعقاد کے بعد پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے غیرملکیوں کا غلط تاثر دور ہوگا۔

آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر کی پاکستان آمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں احسان مانی نے بتایا کہ ششانک منوہر اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان کا دورہ نہیں کر پائیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل میچز کیلئے شین واٹسن نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وزیرِاعظم عمران خان پی ایس ایل کا میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئیں گے، تو اس حوالے سے انہوں نے جواب دیا کہ ’میں کچھ نہیں کہہ سکتا‘۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آخری 8 میچز پاکستان میں منعقد ہورہے ہیں ، اس حوالے سے پہلے 3 میچز کے لیے لاہور اور 5 میچز کے لیے کراچی کا انتخاب کیا گیا تھا۔

تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہونے کے بعد فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث لاہور کے تین میچز کی میزبانی بھی کراچی کو سونپ دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں