سکریٹری خارجہ سہیل محمود نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

سہیل محمود بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر تھے—فوٹو:دفترخارجہ
سہیل محمود بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر تھے—فوٹو:دفترخارجہ

سابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد تعینات نئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر سہیل محمود اپنے فرائض انجام دینا شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کہ تہمینہ جنجوعہ 16 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئی تھیں جبکہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ ہی سہیل محمود کو سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں:حکومت کا سہیل محمود کو نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے 31 مارچ کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکریٹری خارجہ بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا گیا۔

تہمینہ جنجوعہ نے 2017 میں بطور سیکریٹری خارجہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں جبکہ اس سے قبل انہوں نے 2011 میں وزارت خارجہ کے ترجمان کی حیثیت سے بھی ذمہ داری نبھائی تھیں۔

سہیل محمود کا کیریئر

نئے سیکریٹری خارجہ سہیل تجربہ کار فارن سروس افسر ہیں اور سفارت کاری میں تین دہائیوں پر مشتمل وسیع تجربہ رکھتے ہیں جس میں وزارت خارجہ میں مختلف حیثیت میں فرائض نبھانے اور بیرون ملک میں پاکستان مشن کی نمائندگی کرنا بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تہمینہ جنجوعہ خواتین افسران کے لیے رول ماڈل ہیں، وزیر خارجہ

سہیل محمود سیکریٹری خارجہ تعینات ہونے سے قبل اگست 2017 سے اپریل 2019 تک بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر رہے اس سے قبل 2015 سے 2017 کے دوران ترکی میں مقدونیہ اور کوسوو کی اضافی ذمہ داریوں کے ساتھ سفیر رہے۔

تھائی لینڈ میں پاکستانی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے کے علاوہ انہوں نے اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ دی پیسیفک، بنکاک میں 2009 سے 2013 تک مستقل مندوب رہے۔

خیال رہے کہ سہیل محمود نے 1985 میں فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت کی جس کے بعد ہیڈکوارٹرز میں جنوبی ایشیا کے ڈیسک افسر کے طور پر 1987 سے 1988 اور پھر 1990 سے 1991 تک کام کرتے رہے۔

بعد ازاں انہوں نے ایران اور ترکی کے معاملات پر ڈائریکٹر کے طور پر 1995 سے 1988 کے دورانیہ میں فرائض نبھائے اور 2005 سے 2008 تک ڈائریکٹر جنرل امریکا، 2009 میں سیکریٹری خارجہ کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل اور 2013 سے 2015 کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری افغانستان رہے۔

سفارت کار کے طور پر انقرہ، واشنگٹن، نیویارک میں پاکستان کی نمائندگی کی جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی وفد کے سیاسی رابطہ کار کے طور 2003 سے 2004 تک کام کیا۔

تعلیمی میدان میں سہیل محمود نے کولمبیا یونیورسٹی نیویارک سے عالمی امور میں ایم آئی اے کی ڈگری حاصل کی اس کے ساتھ ساتھ قائداعظم یونیورسٹی سے تاریخ میں ایم اے کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں