حکومت کا سہیل محمود کو نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2019
سہیل محمود منجھے ہوئے سفارتکار ہیں، وزیر خارجہ — فائل فوٹو: دفتر خارجہ
سہیل محمود منجھے ہوئے سفارتکار ہیں، وزیر خارجہ — فائل فوٹو: دفتر خارجہ

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کشمنر کی ذمہ داریاں انجام دینے والے سہیل محمود کو نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو سیکریٹری خارجہ بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت سے کیا گیا۔

خیال رہے کہ موجودہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اپنے عہدے سے 16 اپریل کو سبکدوش ہورہی ہیں۔

یاد رہے کہ تہمینہ جنجوعہ کی تقرری کے دوران اس وقت معاملات خراب ہوگئے تھے جب بھارت میں سابق پاکستانی ہائی کمشنر اور اس وقت دفتر خارجہ کے سینئر ترین سفارتکار عبدالباسط نے سیکریٹری خارجہ کا عہدہ نہ ملنے پر دفتر خارجہ سے قابل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

تاہم 2013 اور 2017 کی طرح اس مرتبہ سیکریٹری خارجہ کے عہدے کے لیے خاص مقابلہ سامنے نہیں آیا۔

امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کشمنر سہیل محمود کو تہمینہ جنجوعہ کے بعد نیا سیکریٹری خارجہ تعینات کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تہمینہ جنجوعہ محب وطن، فہم وفراست رکھنے والی خاتون ہیں جنہوں نے خارجہ امور کے مشکل مراحل میں بہترین معاونت کی۔

سہیل محمود کے بارے میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارتکار ہیں جو دنیا کے اہم ممالک میں ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سہیل محمود امریکا، تھائی لینڈ اور ترکی کے سفیر رہ چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'ہمیں یقین ہے کہ تہمینہ بی بی کے بعد سہیل محمود احسن طریقے سے یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے جو اچھی شہرت کے حامل ہیں۔'

شاہ محمود قریشی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کی امیدوں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خارجہ امور سے متعلق پالیسی پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی سہیل محمود سے بات ہوئی تھی اور انہیں نیا سیکریٹری خارجہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔

سہیل محمود نے تاریخ اور پولیٹکیل سائنسز میں گورمنٹ کالج راولپنڈی سے گریجویشن کیا، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے تاریخ میں ہی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

بعدازاں انہوں نے نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی امور میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے دفتر خارجہ میں اپنی خدمات کا آغاز 1985 میں کیا جہاں انہوں نے سفیر کے علاوہ وزارت خارجہ امور کے لیے بطور ایڈیشنل سیکریٹری افغانستان/مغربی ایشیا اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) برائے خطہ امریکا کام کیا۔

سہیل محمود اس وقت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر تعینات ہیں، جس کا انہوں نے اگست 2017 میں چارج سنبھالا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں