ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، فوجی اہلکار شہید

شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق بہالپور سے تھا—فائل فوٹو: اے پی
شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق بہالپور سے تھا—فائل فوٹو: اے پی

آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں آرمی کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔

مزیدپڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی تعداد 4 ہوگئی

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے سپاہی غلام رسول شہید ہوگئے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق بہاولپور سے تھا۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی کا دورہ کیا تھا اور مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں کی تھیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دینے کے لیے بھرپور تیاریوں کو سراہا'۔

گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 پاکستانی فوجی جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات

پاک فوج کی جوابی کارروائی سے 5 بھارتی فوج ہلاک ہوگئے تھے۔

20 اگست کو پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کے مطابق تتہ پانی سیکٹر میں بھارت کی جانب کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا تھا۔

رواں برس جولائی کے آغاز میں ایل او سی سے چند میٹر کے فاصلے پر چھمب سیکٹر میں دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔

مزیدپڑھیں: ملک بھر میں یومِ دفاع کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا گیا

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں