ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان اور ایک خاتون شہید

بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون بھی شہید ہوئیں— فائل فوٹو: رائٹرز
بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون بھی شہید ہوئیں— فائل فوٹو: رائٹرز

آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور ایک خاتون شہید ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔

بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہوگئے۔

شہید ناصر حسین کا تعلق پنجاب کے علاقے نارووال سے تھا جنہوں نے 16 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں یومِ دفاع کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا گیا

حاجی پیر سیکٹر آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں واقع ہے جسے گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فورسز کی جانب بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔

ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہوگئے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے تھا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نکیال اور جندروٹ سیکٹر میں بھی فائرن کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک 40 سالہ خاتون شہید ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 40 سالہ فاطمہ بی بی بالاکوٹ گاؤں کی رہائشی تھی جبکہ فائرنگ کے اس واقعے میں 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زخمی افراد کو ضروری طبی علاج فراہم کرنے کے لیے قریبی طبی مراکز میں منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر جارحیت، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

بھارتی فوج ایل او سی پر جدید ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے جبکہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے بھی نشانہ بنایا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 مرتبہ سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔

بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کردیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم ہوگئی تھی۔

اس اعلان سے کچھ گھنٹوں قبل ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں ہزاروں کی تعداد میں اضافی فوج تعینات کرکے وہاں لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ کردیا تھا جبکہ مواصلاتی نظام بھی مکمل طور پر بند کردیا تھا اور یہ کرفیو تاحال جاری ہے جبکہ ایل او سی پر بھی حالات کشیدہ ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کی لائن آف کنٹرول پر جوانوں سے ملاقات

گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر فائرنگ کرکے 4 پاکستانی فوجی جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی سے 5 بھارتی فوج ہلاک ہوگئے تھے۔

20 اگست کو پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں