کراچی: سابق ڈی جی پارکس زیر حراست، 8 لگژری گاڑیاں، جیولری و نقدی برآمد

اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2019
نیب ذرائع کے مطابق لیاقت علی قائم خانی نے بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دیے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
نیب ذرائع کے مطابق لیاقت علی قائم خانی نے بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دیے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کی ٹیم نے مبینہ طور پر باغ ابن قاسم پارک کے جعلی ٹھیکے دینے کے الزام میں سابق ڈی جی پارکس (کے ایم سی) لیاقت علی قائم خانی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔

نیب ذرائع کے مطابق لیاقت علی قائم خانی نے بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دیے تھے۔

مزیدپڑھیں: کراچی: بلیو لائن منصوبے میں کرپشن کےخلاف نیب کی تفتیش شروع

بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی کی ٹیم نے کراچی میں سابق ڈی جی پارکس کے گھر پر چھاپہ مارا اور کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں، بانڈز اور جائیدادوں کے دستاویزات برآمد کرلیں۔

نیب ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق چھاپے کے دوران 8 لگژری گاڑیاں، جیولری، جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مشتبہ ملزم کے گھر سے کراچی میٹرولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی اصل دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

علاوہ ازیں سابق ڈی جی پارک لیاقت علی قائم خانی کے گھر سے 6 اور 4 فٹ کے دو لاکرز بھی تحویل میں لیے گئے تاہم انہیں تحویل میں لیے جانے کے بعد فوری طور پر کھولا نہیں جاسکا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کا 56 پبلک سیکٹر کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لیاقت علی قائم خانی کو باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا کیونکہ ان پر بطور ڈی جی پارکس، جعلی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں 6 جولائی کو قومی احتساب ادارے نیب نے آمدن سے زائد اثاثے کے حوالے سے انکوائری کا سامنا کرنے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سینئر عہدیدار کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور ایک ارب سے زائد مالیت کی نقدی، لگژری گاڑیاں و دیگر اثاثے برآمد کیے تھے۔

نیب کا کہنا تھا کہ بر آمد کیے گئے اثاثوں میں 55 لاکھ روپے کی نقدی اور پرائز بانڈ، 80 سے 90 لاکھ مالیت کی ایک مرسڈیز سی کلاس، 28 لاکھ مالیت کی ٹویوٹا پریمیو، 2 کروڑ 20 لاکھ مالیت کی سوزوکی سوئفٹ اور لینڈ کروزر کے کاغذات، 50 کروڑ سے زائد مالیت کی اراضی، دبئی میں 3 جائیدادوں کے کاغذات اور بینک اکاؤنٹس، جن میں 5 کروڑ سے زائد رقم موجود ہے، شامل ہیں۔

مزیدپڑھیں: ’پنجاب حکومت نیب کے ساتھ تعاون نہیں کررہی‘

واضح رہے کہ ملزم نے ایس بی سی اے میں ڈپٹی ڈی جی کا عہدہ گزشتہ روز ہی سنبھالا تھا جب کہ اس سے قبل وہ ایس بی سی اے کے دیگر اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں