ای سی پی اراکین کی تعیناتی کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو ارسال

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2019
درخواست جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی اور جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے دائر کی تھی—فائل فوٹو: اے پی پی
درخواست جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی اور جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے دائر کی تھی—فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے 2 اراکین کی تعیناتی کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ منتقل کرنے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

مذکورہ درخواست جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی اور جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے دائر کی تھی جو بالترتیب پنجاب اور خیبرپختونخوا سے الیکشن کمیشن کے رکن ہیں۔

ان کی تعیناتی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں ایک سیاسی جماعت ’عام لوگ‘ اور لاہور ہائی کورٹ میں ’سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی‘ نے درخواست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کے 3 اراکین کی تعیناتی غیر آئینی ہونے کا انکشاف

ان درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دونوں میں سے کسی رکن نے آئین کی دفعہ 207(2) کے تحت ریٹائرمنٹ کے بعد 2 سال کی آئینی مدت مکمل نہیں کی۔

تاہم درخواست میں فریق بنائے گئے اراکین الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں استدعا کی تھی کہ چونکہ دونوں اراکین کے دفاتر اسلام آباد ہائی کورٹ کے علاقائی دائرہ اختیار میں ہیں اس لیے ان کی تعیناتی کو 2 مختلف ہائی کورٹس میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو مذکورہ کیس سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ منتقل کرنے کا حکم دینا چاہیے۔

مزید پڑھیں؛ 2 اراکین کی ریٹائرمنٹ کے باعث الیکشن کمیشن کا کام متاثر

جس پر جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے درخواست گزاروں کو یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

درخواست گزار کے مطابق مدعیان علیہ کو نوٹس صرف علاقائی دائرہ اختیار کی اس عدالت کی جانب سے بھیجا جاسکتا ہے جہاں اس کا سرکاری دفتر موجود ہو۔


یہ خبر 27 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں