انگلینڈ کی نیوزی لینڈ سے ایک اور سنسنی خیز مقابلے میں فتح

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2019
جونی بیئراسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو:اے پی
جونی بیئراسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو:اے پی

ایک روزہ کرکٹ کی عالمی چمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں ایک مرتبہ پھر سنسنی خیز مقابلہ ہوا جس کا نتیجہ سپر اوور میں ہوا جہاں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی جیت لی۔

آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ میچ 11 اوورز تک محدود تھا۔

مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 5 اوورز میں 83 رنز جوڑے، اس دوران گپٹل 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے صرف 20 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کولن منرو نے 21 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چھکے لگائے تاہم انہیں 120 کے مجموعے پر کیوران نے 46 کے انفرادی اسکور سے آگے بڑھنے نہیں دیا، اس سے قبل گرینڈ ہوم صرف 6 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ چکے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے سیفرٹ نے 16 گیندوں میں 39 رنز کا اضافہ کیا جس میں 5 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

نیوزی لینڈ نے 11 اوور کے مختصر میچ میں انگلینڈ کو 147 رنز کا مشکل ہدف دیا تاہم وکٹ سے انگلینڈ کے بلے بازوں نے بھی بھر پور فائدہ اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں:ملان اور مورگن کی جارحانہ بیٹنگ، نیوزی لینڈ کو چوتھے ٹی20 میں شکست

انگلینڈ کی دو وکٹیں صرف 9 رنز پر گر چکی تھیں لیکن جونی بیئر اسٹو نے جارحانہ بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو گرنے نہیں دیا حالانکہ بینٹن 7 اور جیمز وینس ایک رن کا اضافہ کرکے پویلین کی راہ لے چکے تھے۔

انگلینڈ نے سیریز 2-3 سے جیت لی—فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے سیریز 2-3 سے جیت لی—فوٹو: اے ایف پی

کپتان مورگن زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے لیکن 7 گیندوں پر 17 قیمتی رنز جوڑے جس کو ایم ایم کیوران نے آگے بڑھایا تاہم اس دوران بیئراسٹو 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوچکے تھے جن کی اننگز 18 گیندوں تک محدود تھی۔

کرس جارڈن نے آخری لمحات میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے تین گیندوں پر 12 رنز بنائے جبکہ دوسری طرف سیم بلنگز 11 رنز پر کھیل رہے تھے اور دونوں بلے بازوں نے انگلینڈ کو شکست سے بچایا جو بعد میں جیت میں بدل گئی۔

انگلینڈ نے 11 اوورز میں 7 وکٹوں پر 146 رنز بنا کر اسکور برابر کردیا۔

سنسنی خیز میچ کا نتیجہ سپر اوور میں نکلا جہاں انگلینڈ کے کپتان مورگن اور جونی بیئراسٹو نے 17 رنز بنائے جس میں ٹم ساؤدھی کے اوور میں بیئراسٹو کے دو بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے۔

سپر اوور میں میزبان نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کی ہمت 8 رنز پر جواب دے گئی تاہم اس اوور میں سیفرٹ نے جارڈن کو ایک چوکا ضرور مارا جو ان کی جیت سے کوسوں دور تھا۔

انگلینڈ نے میچ کے ساتھ سیریز بھی 2-3 سے جیت لی۔

جونی بیئراسٹو کو میچ جبکہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں