سری لنکا 271 رنز پر آؤٹ، پاکستان کا دوسری اننگز میں پراعتماد آغاز

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2019
سری لنکن بلے باز اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن بلے باز اینجلو میتھیوز کو آؤٹ کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر 80رنز کی قیمتی برتری حاصل کر لی جس کے جواب میں پاکستان نے پراعتماد انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 57رنز بنا لیے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا نے 63رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شیئر کی تو اینجلو میتھیوز اور لاستھ ایمبل ڈینیا وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کا آغاز کیا تو دن کے تیسرے ہی اوور میں پاکستان کو وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن نسیم شاہ کی گیند پر سلپ میں موجود بابر اعظم کیچ نہ تھام سکے۔

ابھی اسکور 78 تک پہنچا ہی تھا کہ ایمبل ڈینیا 13 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے تاہم سری لنکا کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب دو اوورز بعد ہی شاہین شاہ آفریدی نے تجربہ کار اینجلو میتھیوز کی اہم وکٹ حاصل کی۔

80رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد میچ میں پاکستان کی پوزیشن بہت مضبوط ہو گئی تھی لیکن اس مرحلے پر چندیمل اور دھننجیا ڈی سلوا پاکستانی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 67رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔

147 کے مجموعی اسکور پر شاہین نے پاکستانی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے 32رنز بنانے والے ڈی سلوا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

چائے کے وقفے کے فوراً بعد محمد عباس نے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلاتے ہوئے 21رنز بنانے والے نروشن ڈکویلا کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود دنیش چندیمل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز دلرووان پریرا کے ساتھ 8ویں وکٹ کے لیے 51رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری دلا دی۔

235 کے مجموعی اسکور پر پارٹ ٹائم باؤلر حارث سہیل کی گیند کر کٹ کرنے کی کوشش میں دنیش چندیمل کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 74رنز بنائے۔

اس موقع پر امید تھی کہ پاکستانی ٹیم جلد ہی مہمان ٹیم کی بساط لپیٹ دے گی لیکن پریرا پاکستانی باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے اور نویں وکٹ کے لیے مزید 36رنز جوڑ کر سری لنکا کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

271 کے مجموعے پر شاہین شاہ آفریدی نے 48رنز کی اننگز کھیلنے والے پریرا کو آؤٹ کرنے کے بعد لہیرو کمارا کی بھی وکٹیں بکھیر دیں۔

سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 271رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پہلی اننگز میں قیمتی 80رنز کی برتری حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 جبکہ محمد عباس نے 4وکٹیں حاصل کیں۔

یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 43رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں بھی کوئی وکٹ نہ آئی۔

پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 57رنز بنائے تھے اور اسے سری لنکا کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 23رنز درکار ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئی تھی اور پوری ٹیم 191رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں