کراچی: ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے والا چینی باشندہ گرفتار

01 جنوری 2020
کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چینی شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے چینی شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے قیوم آباد میں 'نو پارکنگ' والے مقام پر گاڑی پارک کرنے سے روکنے پر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے چینی باشندی کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق چینی شہری نے قیوم آباد کے علاقے میں امتیاز سپر اسٹور کے قریب 'نو پارکنگ' والے مقام پر اپنی گاڑی کھڑی کی تھی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ٹریفک نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل عامر نے چینی شہری کو 'نو پارکنگ' والے مقام پر گاڑی پارک کرنے سے روکنے کی کوشش کی جس پر چینی شہری نے طیش میں آکر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

تاہم وہاں موجود دیگر شہریوں نے چینی باشندے کو پکڑ لیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

ٹریفک پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ زمان ٹاؤں ٹریفک سیکشن کے افسر نے چینی شہری کو کورنگی انڈسٹریل ایریا کی پولیس کے حوالے کیا جس نے غیر ملکی شہری کے خلاف ٹریفک اہلکار پر تشدد کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں