راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی میں 50 بستروں کا کورونا وائرس قرنطینہ قائم

15 فروری 2020
بینظیر بھٹو ہسپتال کو کورونا وائرس کا فوکل ہسپتال ڈیکلیئر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز
بینظیر بھٹو ہسپتال کو کورونا وائرس کا فوکل ہسپتال ڈیکلیئر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: رائٹرز

پنجاب حکومت نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی (آر آئی یو) میں 50 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس قرنطینہ قائم کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے نے ڈان کو بتایا کہ بینظیر بھٹو ہسپتال کو کورونا وائرس کا فوکل ہسپتال ڈیکلیئر کیا گیا تھا لیکن قرنطینہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی میں قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تمام مشتبہ مریضوں کو آر آئی یو قرنطینہ منتقل کیا جائے گا لیکن اگر کسی مریض میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئیں تو اسے فوری طور پر علاج کے لیے بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ حکومت ایسے ہسپتال میں قرنطینہ قائم کرنا چاہتی تھی جہاں تک آسانی سے رسائی حاصل کی جاسکے لہٰذا زیر تعمیر آر آئی یو کو منتخب کیا گیا۔

مزید پڑھیں: والدین کی سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشتبہ مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی نگرانی کے لیے انتظامات کرلیے اور ڈاکٹروں کو بھی تفصیلات دے دی ہیں۔

ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ ابتدائی طور پر 30 بستر فعال ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب تک راولپنڈی سے کوئی مشتبہ مریض نہیں آیا تاہم ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) اور صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ایس او پی کے مطابق مریضوں کے علاج کی تربیت دی گئی ہے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو فعال بنانے کے لیے مارچ کے اواخر تک کی مہلت دی ہے۔

آر ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مارچ میں آؤٹ پیشنٹس ڈپارٹمنٹ کو فعال بنایا جائے گا اور گردے کے مریضوں کے لیے ڈائیلائسز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آر ایم یو نے ہسپتال کو 35 پیرامیڈیکل اور تکنیکی ارکان اور 15 ڈاکٹرز دیے ہیں جو اس وقت وہاں کام کریں گے جب تک آر آئی یو اپنا عملہ اور ڈاکٹرز تعینات نہیں کرلیتا۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا معاملہ: ریاست اپنے شہریوں کی ذمہ داری لے، عدالت

ان کا مزید کہنا تھا کہ تقرر کا عمل آئندہ ماہ مکمل ہوجائے گا اور اس سلسلے میں اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ یہ عمل طویل ہے اور میرٹ پر مبنی ہوگا۔

علاوہ ازیں کمشنر راولپنڈی ریٹائرڈ کیپٹن محمد محمود کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں راولپنڈی انسٹیٹوٹ آف یورولوجی کے مںصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی نہ صرف راولپنڈی بلکہ دیگر علاقوں کے مریضوں کو علاج فراہم کرے گا۔

کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ ہسپتال کے پہلے 3 فلورز مارچ تک مکمل طور پر فعال ہوں گے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ان فلورز پر فائرسیفٹی سسٹم اور الارزم کی فراہم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں