وفاقی کابینہ نے لندن میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت کو مراسلہ لکھنے، نئی دہلی میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و تشدد، عبادت گاہوں کی بے حرمتی پر بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہ کرنے سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دےدی۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ملک کے تمام داخلی مقامات پر کورنا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے افراد کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدپڑھیں: وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس، آرمی ایکٹ میں ترامیم منظور

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں وزارت توانائی سے آئندہ 25 برس کے لیے توانائی کے حوالے سے طویل اور قلیل مدتی پالیسیاں مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میڈیکل کمیشن کی قانون سازی کے حوالے سے وزیر دفاع اور وزیر منصوبہ بندی کو اپوزیشن سے بات چیت کی ذمہ داری سونپ دی۔

وفاقی کابینہ کو کورونا وائرس کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 5 ہو چکی ہے، ملک کے 6 شہروں میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے، چین اور ایران سے آنے والے 7 لاکھ 32 ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کو توانائی کے شعبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای کامرس پالیسی کی منظوری

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیر توانائی عمر ایوب نے کابینہ کو بریفنگ دی کہ گزشتہ ایک برس میں 364 فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ فری بنایا گیا اور بجلی کی وولٹیج میں بہتری لانے کے لیے 437 نئے فیڈرز بنائے گئے۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال میں بجلی چوری کے حوالے سے 56 ہزار سے زائد ایف آئی آر کا اندراج ہوا اور 8 ہزار 736 پر کارروائی کی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ سرمایے میں اضافے سے اکتوبر 2018 سے دسمبر 2019 کے دوران 252 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

مزیدپڑھیں: کابینہ کے 4 گھنٹے کے اجلاس میں 3 گھنٹے نواز شریف پر بات ہوتی ہے، احسن اقبال

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات چونکہ قومی مفاد میں ہیں اس لیے تمام سیاسی پارٹیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ اس ضمن میں اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیگر منظوریاں

  1. کابینہ نے نادرا کے اکاﺅنٹ برائے مالی 19-2018 کے آڈٹ کے لیے ارنسٹ اینڈ ینگ فورڈ روہڈز کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی۔
  2. کابینہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2018 قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی۔
  3. کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 25 فروری کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
  4. کابینہ نے اسلم خان کو چیئرمین پی آئی اے بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔
  5. کابینہ نے پیرازائیلین کی بھارت سے درآمد کی ایک دفعہ اجازت دینے کی سمری مسترد کر دی۔
  6. کابینہ نے وزارت کامرس کے ایڈیشنل سیکرٹری طارق ہدیٰ کو چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے عہدے کی اضافی ذمہ داریاں دینے کی منظوری دی۔
  7. کابینہ نے ہدایت کی کہ مستقل چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن تعینات کرنے کے عمل کوتیز کیا جائے، کابینہ نے عبدالظاہر خان اور جاوید اختر کی بطور، ممبر وا ٹر اور ممبر پاور تین ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سربراہ کی تقرری کے لیے وزارت تجارت کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس عہدے کے لیے اہل اور پیشہ وارانہ مہارت رکھنے والے عہدیدار کو مستقل بنیادوں پر سربراہ تعینات کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تہران میں سفارت خانے، قم اور تفتان میں پھنسے ہوئے زائرین کو پاکستان لانے کے لیے پوری کوششیں کی جارہی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں