سندھ حکومت کا ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

اگر یہ وائرس پھیل گیا تو ہسپتال کم پڑ جائیں گے، مراد علی شاہ — فائل فوٹو / ڈان نیوز
اگر یہ وائرس پھیل گیا تو ہسپتال کم پڑ جائیں گے، مراد علی شاہ — فائل فوٹو / ڈان نیوز

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کو 15 روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیر اعلیٰ کے میڈیا آفس سے بیان کے مطابق مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس کے حوالے سے قائم ٹاسک فورس کا 20واں اجلاس ہوا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، اگر یہ وائرس پھیل گیا تو ہسپتال کم پڑ جائیں گے، جبکہ میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی گنجائش بڑھا کر 5 ہزار کرنا چاہتا ہوں۔'

اجلاس میں ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کو 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مراد علی شاہ نے 'کے الیکٹرک' کو ہدایت دی کہ ان مالز اور ریسٹورنٹس کے بند ہونے کے دوران بجلی بلاتعطل سپلائی کریں، اس بندش کے دوران تمام کریانے کے اسٹور، سبزی، مرغی، مچھلی مارکیٹ کھلی رہیں گی جبکہ شاپنگ مالز میں اگر کریانہ کی دکانیں ہیں تو وہ کھلی رہ سکتی ہیں۔'

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: جمعہ کے اجتماعات و دیگر نمازوں سے متعلق علما کا فتویٰ

انہوں نے کہا کہ 'ہم لوگوں کو اپنے گھروں تک محدود کرنا چاہتے ہیں، اس بندش کا بدھ سے اطلاق ہوگا جبکہ عوامی پارکس اور ساحل سمندر بھی کل سے بند رہیں گے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'سرکاری دفاتر جمعرات سے بند ہوں گے جس کا نوٹی فکیشن چیف سیکریٹری جاری کریں گے، بڑے ہوٹلز میں ریسٹورنٹس سروس بند ہوگی، ڈائننگ فیسیلیٹی، مجمع پر پابندی ہوگی تاہم ریسٹورنٹس پر کھانے آرڈر ہو سکتے ہیں۔'

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'کریانہ کی دکانیں 24 گھنٹے کھلی رہ سکتی ہیں، ریسٹورنٹس پر آرڈر سے کھانے کی چیزیں منگوائی جاسکتی ہیں۔'

اجلاس میں انٹر سٹی بس سروس بھی جمعرات سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26 اور بلوچستان میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 236 ہوگئی ہے۔

سندھ میں منگل کے روز کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 172 تک پہنچ گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں