کورونا وائرس: چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام تجویز کردیے

22 مارچ 2020
قائد ایوان شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق اور پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم سواتی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
قائد ایوان شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق اور پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم سواتی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے لیے 15 سینیٹرز کے نام تجویز کردیے۔

واضح رہے کہ مذکورہ کمیٹی وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی نگرانی کرے گی۔

مزیدپڑھین: ایف بی آر کو اشیا خورو نوش پر ٹیکسز کم کرنے کیلئے سمری پیش کرنے کی ہدایت

صادق سنجرانی نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو ایک مراسلے کے ذریعے ناموں کی تجویز دی۔

قائد ایوان شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق اور پارلیمانی امور کے وفاقی وزیر اعظم سواتی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

علاوہ ازیں پارلیمانی کمیٹی میں سینیٹ کی نمائندگی کرنے والے دیگر افراد میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی شیری رحمٰن، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ خان، جماعت اسلامی کے سراج الحق اور بیرسٹر محمد علی شامل ہیں۔

سینیٹ سے کمیٹی میں متحدہ قومی موومنٹ کے سیف، نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے مولانا عبد الغفور حیدری، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے عثمان کاکڑ، عوامی نیشنل کے ستارہ ایاز، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مسلم لیگ فنکشنل کے مظفر حسین شاہ، بلوچستان عوامی پارٹی کے انوارالحق کاکڑ اور سابق قبائلی علاقوں سے آزاد سینیٹر اورنگ زیب خان بھی شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'آزمائش میں قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے'

مراسلے میں سینیٹ کے چیئرمین نے تجویز پیش کی کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ممبروں کے علاوہ تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کو کمیٹی کا ممبر بنائے جائے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ ’کمیٹی وفاقی ، صوبائی حکومت کے مختلف یونٹوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی اور قومی صحت اور معیشت کے بارے میں جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی۔

اس سے قبل سینیٹ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کورونا وائرس پھیلنے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سلسلے میں پارلیمانی کمیٹی کی جلد تشکیل پر تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور ملک میں کورونا وائرس پھیلنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔

مزیدپڑھیں: پاکستان پہنچنے والا امریکی عہدیدار وائرس کا مشتبہ مریض قرار

اسد قیصر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نازک وقت میں شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی بھاری ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

اسپیکر کو حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ہر ایک کو سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر اسکین کیا جارہا ہے اور کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کو قرنطینہ کیا جارہا ہے۔


یہ خبر 22 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں